عید اور سٹیج ڈرامے
کلچرل رپورٹر
عید کا تہوار فلمی حلقوں کی طرح تھیٹر کے حلقوں میں بھی بہت اہم تصور کیا جاتا ہے۔ سٹیج کے ڈراموں کے پروڈیوسر اس تہوار پر مہنگی کاسٹ کے ڈرامے پیش کر کے زیادہ سے زیادہ منافع کمانے کی کوشش کرتے ہیں۔ اس عید پر بھی حسب سابق ملک بھر میں نئے سٹیج ڈرامے پیش کئے گئے۔ لاہور کے تھیٹروں میں سب سے زیادہ نئے سٹیج ڈرامے پیش کئے گئے جن میں تماثیل تھیٹر کا حسینہ انڈر ورلڈ‘ شالیمار تھیٹر کا ڈرامہ عید معشوقاں دی‘ الحمرا ہال نمبر I کا کڑیاں نیٹ ورک‘ محفل تھیٹر کا ڈرامہ بارہ مصالحے اور الفلاح تھیٹر کا ڈرامہ خیر یار دی شامل ہیں۔ ہم نے عید پر پیش کئے جانے والے سٹیج ڈراموں کے حوالے سے تھیٹر کی کچھ اہم شخصیات سے گفتگو کی ہے جس کے منتخب حصے قارئین کی دلچسپی کے لئے پیش کئے جا رہے:
شالیمار تھیٹر کے چیئرمین ملک طارق نے کہا کہ میرے تھیٹر پر پیش کیا جانے والا ڈرامہ ’عید معشوقاں دی‘ شائقین نے بہت پسند کیا ہے۔ اس ڈرامے میں اداکارہ ماہ نور‘ آفرین اور سنہری خان نے کمال کی اداکاری کی ہے۔ ان تینوں اداکاراؤں نے ایسے آئٹم سانگز پیش کئے ہیں جو اس سے قبل کسی اداکارہ نے نہیں پیش کئے۔ اس کے علاوہ تھیٹر کا نیا ساؤنڈ سسٹم اور جدید لائٹس کے علاوہ امپورٹڈ کرسیاں بھی لوگوں کی دلچسپی کا باعث ہیں۔
تماثیل تھیٹر کے چیئرمین قیصر ثناء اللہ خان نے کہا کہ اس عید پر میرے تھیٹر پر ’’حسینہ انڈر ورلڈ‘‘ کے نام سے ڈرامہ پیش کیا گیا۔ یہ ڈرامہ سخی سرور بٹ‘ عمار اکرم اور میری مشترکہ پیشکش ہے۔ اس ڈرامے میں مرکزی کردار نرگس کا ہے۔ نرگس واقعی بہت بڑی اداکارہ ہیں۔ ان کے علاوہ گلفام‘ طاہر انجم‘ قیصر پیا‘ نواز انجم‘ کرینہ جان‘ کرن نور‘ اینجل‘ ارشد بھٹی‘ بنیا سحر‘ جانو بابا‘ پرویز خان اور مجید لوٹے نے بھی اچھی اداکاری کی ہے۔ جس طرح لوگوں نے اس ڈرامہ کو پسند کیا ہے ہماری دن رات کی محنت پوری ہو گئی ہے۔
الفلاح تھیٹر کے چیئرمین ارشد چودھری نے کہا کہ اس عید پر میرے تھیٹر پر خیر یار دی کے نام سے ڈرامہ پیش کیا گیا جس میں اداکارہ لیلیٰ،خوشبو اور زارا اکبر کے آئٹم سانگ لوگ بہت پسند کررہے ہیں۔
سٹیج کی معروف اداکارہ نرگس نے کہا کہ اس عید پر میرا ڈرامہ ’’حسینہ انڈر ورلڈ‘‘ لوگوں نے بہت پسند کیا ہے اور اب تک کر رہے ہیں۔ جس پر میں ان کی شکرگزار ہوں۔
سٹیج کی معروف اداکارہ ماہ نور نے کہا کہ اس عید پر میرا ڈرامہ عید معشوقاں دی لوگوں نے بہت پسند کیا ہے اور اب تک کر رہے ہیں۔ جس پر میں ان کی شکرگزار ہوں۔
سٹیج کی معروف اداکارہ میگھا نے کہا کہ اس عید پر میں الحمرا میں زیرنمائش ڈرامے کڑیاں نیٹ ورک میں کام کر رہی ہوں۔ لوگ میرا ڈرامہ بہت پسند کر رہے ہیں۔