عید کے حوالے سے ریڈیو کے خصوصی پروگرام

05 ستمبر 2017

شکیل گیلانی
ریڈیو پاکستان کے تمام مراکز نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر سامعین کی پسندیدگی اور مزاج کو مدِنظر رکھتے ہوئے بہترین اور منفرد پروگرامز نشر کیے جن میں بنیادی طور پر ’’فلسفہ قربانی اور اجتماعیت‘‘ کو موضوع بنایا گیا کیونکہ اس عید کو ’’عید قربان‘‘ بھی کہتے ہیں جو تزکیہ نفس کا بہترین ذریعہ اور انداز ہے اور اس کی ابتدا ہی دراصل ’’سنت ابراہیمی‘‘ ہے۔ خاص خاص پروگراموں میں ریڈیو فیچرز، مذاکرے، کوئز اور قومی نشریاتی رابطے پر ڈرامہ وغیرہ جن میں سامعین کی تفریح طبع کے ساتھ ساتھ اس تعمیری پیغام کو بھی اجاگر کیا جو اس عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دے اور ہر امیر و غریب مسلمان جذبہ محبت سے لبریز ہو جائے جہاں ہر طرف دردمندی اور احساس ہی کے جذبات نمایاں ہوں۔ ریڈیو ٹاک شوز میں مفکرین، دانشوروں اور مذہبی رہنماؤں نے قربانی کے مسائل کے بارے اور فقہی اہمیت بارے بتایا، فلسفہ قربانی کا پس منظر، جذبہ ایثار و قربانی اور قومی یک جہتی کے فروغ کے ساتھ ساتھ اس بات پر زور دیا کہ دوسروں کیلئے بہتر جذبات رکھنا بھی قربانی نفس ہے جسکی دور حاضر میں پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔ ریڈیو پاکستان نے مسجد نمرہ سے خطبہ حج کو بھی براہ راست نشر کیا۔ چیف منسٹر پنجاب کی ہدایات پر خصوصی پیکیج جس کا مقصد پولیس کے شہدا کو خراج تحسین پیش کرنا تھا اور سوگوار خاندانوں کے ساتھ اظہار ہمدردی کرنا تھا۔ عید کے دوسرے اور تیسرے دن کے پروگرامز میں خواتین کے لیے خصوصی طور پرپروگرام سکھی گھر بھی قومی نشریاتی رابطہ پر پیش کیا گیا جسے پروڈیوسر غزالہ ضیاء نے ترتیب دیا تھا اس کے علاوہ عید پکوان جیسے پروگرامز بھی نشر کئے گئے جن کو خواتین نے بے حد پسند کیا اور پروگراموں کو تواتر کے ساتھ پیش کرنے کی بھرپور فرمائش بھی کی۔ علاوہ ازیں فلمی نغمے، غزلیں اور جدید پوپ میوزک بھی پیش کیا۔
ریڈیو پاکستان کے تمام مراکز نے عیدالاضحیٰ کے حوالے سے صفائی ستھرائی کے موضوع پر بھی کئی پروگرام نشر کئے تاکہ صفائی کے انتظامات کو قابل عمل بناتے ہوئے شہریوں کو جانوروں کی الائشوں اور دیگر فضلہ کو ٹھکانے لگانے کیلئے کسی قسم کی کوفت یا پریشانی نہ ہو اور ہر گلی ہر محلہ صاف اور گندگی سے محفوظ رہے۔
ریڈیو پاکستان کے نیوز اینڈ کرنٹ افیئرز لاہور کے پروگرام ’’تعمیر وطن‘‘ میں ’’فلسفہ قربانی اور ملکی یک جہتی‘‘ کے موضوع پر معروف مذہبی سکالر ڈاکٹر سید محمد حبیب عرفانی نے مختصر مگر (مدلل) گفتگو فرمائی اور قرآن و سنت کی رو سے عید قربان کی مذہبی اہمیت کو اجاگر کیا۔ ڈائریکٹر کرنٹ افیرز جاوید خان جدون کی خصوصی ہدایات پر صدر مملکت، وزیراعظم، چیف منسٹر پنجاب اور وفاقی وزرا کے بیانات کو بھی پڑھ کر سنایا گیا۔