عیدکے تینوں روز ڈیوٹی مجسٹریٹس کی عدالتوں میں رش
لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عید کی تعطیلات کے دوران لاہور کی تینوں کچہریوں کے ڈیوٹی مجسٹریٹس کی عدالتوں میں تینوں روز رش رہا اور مختلف مقدمات میں گرفتار ملزموں کی ضمانتیں کروانے کیلئے ملزموں‘ وکلاءاور ملزموں کے رشتہ داروں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ پولیس نے ون ویلنگ‘ پتنگ بازی‘ شراب نوشی‘ قمار بازی اور ہلڑی بازی کرنے والے سینکڑوں افراد کو پیش کیا۔ ان گرفتار افراد کو ضمانتوں پر رہا کروانے کیلئے ان کے رشتہ دار کچہریوں میں چکر لگاتے رہے۔ ڈیوٹی مجسٹریٹ نے قابل ضمانت جرائم میں ملوث ملزموں کی ضمانتیں منظور کرکے ان کی رہائی کا حکم دیا جبکہ متعدد کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے اور جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھی دیا۔ عید کی تعطیلات کے دوران ون ویلنگ کرنے پر زیادہ نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا۔