جیلوں میں قید اسیر کارکنان تحریک کا اثاثہ ہیں‘عامر خان

05 ستمبر 2017

کراچی(خصوصی رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان و اراکین رابطہ کمیٹی نے شہداء قبرستان عزیزآباد پر حاضری دی اور حق پرست شہداء کے بلند درجات اور مغفرت کیلئے فاتحہ خوانی کی۔ بعدازاں انہوں نے تحریک کے اسیر اور شہید کارکنان کے گھروں پر جاکر ان کے اہل خانہ سے ملاقاتیں اور انکی دلجوئی کی۔ اہل خانہ سے گفتگو کرتے ہوئے ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کے سینئر ڈپٹی کنونیر عامر خان نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے کئی ساتھیوں نے پاکستان کے مستقبل کیلئے اپنی جانوں تک کا نذرانہ پیش کیا اور اپنا آج ہمارے مستقبل پر قربان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ جیلوں میں قید ہمارے درجنوں اسیر کارکنان تحریک کا انمول اثاثہ ہیں جو عزم و حوصلے کی ایک نئی تا ریخ رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزمائش کی اس گھڑی میں ثابت قدمی کا مظاہرہ کرنے والے ایک ایک کارکن کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
عامر خان