برما کے مجبور مسلمان کسی محمدبن قاسم کی راہ دیکھ رہے ہیں:علامہ منیر یوسفی

05 ستمبر 2017

لاہور (خصوصی نامہ نگار) حج کے موقع پر حجاز مقدس میں حجاج کرام سے گفتگو کرتے انجمن اشاعت دین اسلام پنجاب کے سرپرست اعلی علامہ منیر یوسفی نے میانمار کے مسلمانوں کے قتل عام پر شدید غم و غصہ کا اظہار کرتے ہوئے کہا میانمار کے مجبور ومقہور مسلمان پھر کسی محمد بن قاسم کی راہ دیکھ رہے ہیں۔ روہنگیا مسلمانوں پر ڈھائے گئے ان مظالم کے خلاف او آئی سی اور نہ ہی اقوام متحدہ نے کسی ردعمل کا اظہار کیا ہے جو ان عالمی اداروں کی جانب سے مجرمانہ چشم پوشی ہے۔ نبیؐ پاک کے فرمان مبارک کے مطابق مسلمان ایک جسد واحد کی طرح ہیں جس کا ایک عضو دکھے تو پورا جسم اس کا درد محسوس کرتا ہے لیکن میانمار کے مظلوم مسلمانوں پر میانمار ک کے حکمرانوں کی حالیہ بربریت پر کسی مسلم ملک کے حکمران کو آواز بلند کرنے کی توفیق نہ ہوئی جو مسلم ممالک کے موجودہ حکمرانوں کی شدید بے حسی کی واضح عکاسی ہے۔ علامہ منیر یوسف نے مزید کہا علمائے دین کی ذمہ داری ہے کہ اس سلسلے میں امت مسلمہ کو بیدار کریں کہ وہ حکومت اور عالمی برادری پر برمی مسلمانوں پر ظلم و بربریت کے اس سلسلہ کو رکوانے کیلئے اقدامات کرنے کیلئے زور ڈالے۔