چڑیا گھر میں سیاح ہاتھی‘ زرافہ، کینگرو سمیت بڑے جانوروں کے دیدار سے محروم

05 ستمبر 2017
چڑیا گھر میں سیاح ہاتھی‘ زرافہ، کینگرو سمیت بڑے جانوروں کے دیدار سے محروم

لاہور+ فیروز والا(سپورٹس رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار) عید الاضحی پر لاہور چڑیا گھر میں سیر کے لیے آنے والے افراد ہاتھی، زراف، کینگرو سمیت بڑے جانوروں کو دیکھنے سے محروم رہے۔ انتظامیہ کی جانب سے نئے جانوروں کو لانے کے دعوے صرف دعووں تک ہی محدود رہے۔ عید کے تینوں روز سیر کے لیے آنے والے افراد سے چڑیا گھر انتظامیہ کو تقریباً ساڑھے 30 لاکھ روپے گیٹ انکم کے وصول ہوئے۔ عید کے پہلے روز 7 ہزار 267 افراد چڑیا گھر سیر کے لیے آئے جس سے انتظامیہ کو 2 لاکھ 56 ہزار 920 روپے آمدنی ہوئی۔ سفاری زو میں عید کے تینوں روز بڑی تعداد میں فیمیلز سیر کے لیے آئیں جس سے انتظامیہ کو7 لاکھ روپے گیٹ انکم ہوئی جو گذشتہ سال 2016ء میں ہونے والی گیٹ انکم سے پونے تین لاکھ روپے زائد ہے۔دریں اثناء عید کے موقع پر کامران بارہ داری، راوی دریا، مقبرہ جہانگیر سمیت دیگر تاریخی مقامات پر لوگوں کی بڑی تعداد سیروتفریح کے لئے بہت زیادہ رش رہا، شہریوں کی طرف سے سہولتوں کے فقدان کی شکایات رہیں تاریخی مقامات پر کھانے پینے کی اشیا ناقص اور مہنگے داموں فروخت کی گئی۔ گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے بھی منہ مانگے نرخ وصول کئے گئے۔