سی پیک سے بھارت کے پیٹ میں بل پڑ رہے ہیں‘ یہ اس کی شکست ہے: شہباز شریف

05 ستمبر 2017

لاہور(صباح نیوز)وزیر اعلی پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ سی پیک سے بھارت کے پیٹ میں بل پڑ رہے ہیں اور یہ اس کی شکست ہے۔شہباز شریف کا چلڈرن ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ سول اور ملٹری لیڈر شپ کے تعاون سے سی پیک اب ٹیک آف کرچکا ہے جس سے بھارت کے پیٹ میں بل پڑ رہے ہیں اور یہ اسکی بھی شکست ہے۔انہوں نے ملتان میٹرو بس میں کرپشن کے الزامات لگانے والوں کو بھی آڑے ہاتھوں لیا اور کہا کہ مجھ پر لگے الزامات جھوٹے نکلے جو کہ پاکستان اور سی پیک کے دشمنوں کی شکست ہے۔وزیر اعلی پنجاب کا کہنا تھا کہ دکھی انسانیت کی خدمت کے لیے پاکستان بنا تھا لیکن پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے کہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کروں۔انہوں نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں 600 بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے اور اس نئے اضافے سے یہ پاکستان میں بچوں کا سب سے بڑا ہسپتال بن گیا ہے جب کہ چلڈرن ہسپتال میں بچوں کی ہارٹ سرجری بھی کی جارہی ہے لہذا ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکل سٹاف سے کہتا ہوں کہ آئیں مل کر مریضوں کا ہاتھ تھام لیں۔
شہباز شریف