کراچی میں فائرنگ اور تشدد‘4 افراد ہلاک

05 ستمبر 2017

کراچی( کرائم رپورٹر) کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اورتشدد کے واقعات میں چار افراد ہلاک اور خاتون سمیت دو افراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کا ایک واقعہ زمان ٹائون کورنگی میں غوث پاک روڈ پر ہوا جہاں موٹرسائیکل سوا ر مسلح ملزمان نے رقم اور موبائل فون چھیننے کے دوران مزاحمت پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں ایک نوجوان 30 سالہ بلال ولد عبدالرحمن ہلاک اور اس کا چھوٹا بھائی22 سالہ نعمان ولدعبدالرحمن زخمی ہوگیا جبکہ ملزمان فرار ہوگئے۔ ادھر کریم آباد میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے ایک خاتون 45 سالہ سعدیہ زوجہ سفیان زخمی ہوگئی۔ شاہ لطیف ٹائون کے علاقے عبداللہ گوٹھ میں ایک شخص کی لاش ملی جسے تشدد کے بعد گلا گھونٹ کر ہلاک کیا گیا تھا جب کہ لیاری ندی سے بھی دو افراد کی تشدد زدہ لاشیں ملیں۔ پولیس کے مطابق ان تینوں مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی ہے اور اس بارے میں تفتیش جاری ہے۔
کراچی/ فائرنگ