عید پر حادثات کراچی سمیت ملک بھر میں71 افراد ہلاک‘ سینکڑوں زخمی

05 ستمبر 2017

کراچی/ ٹنڈو باگو (کرائم رپو رٹر/ نا مہ نگار) کراچی کے مختلف علاقوں میں عیدالاضحی کے موقع پر ٹریفک و دیگر حادثات میں16 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ ٹنڈو باگو میں4 افراد جا ں بحق ہو گئے۔ عیدالاضحی کے موقع پر جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب شیر شاہ میں بچوں کو جھولا جھلانے والے افراد گھر واپس جا رہے تھے کہ جھولا بجلی کے ٹوٹے ہوئے تاروں سے ٹکرا گیا اور کرنٹ لگنے سے چار افراد16 سالہ بابر ولد عاشق‘35 سالہ اختر ولد رفیق‘25 سالہ ارشد ولد غلام یاسین اور25 سالہ نواز ولد سوہارا ہلاک جبکہ عاشق ولد فرید زخمی ہوگیا۔ ادھر مواچھ گوٹھ میں حب ریور روڈ پر تیز رفتار ڈمپر اور کار کے درمیان تصادم کے نتیجے میں میاں بیوی 40 سالہ عبدالغفار اور35 سالہ زینب ہلاک ہوگئے۔ نیٹی جیٹی پل پر ٹریفک کے مختلف حادثات میں دو نوجوانوں16 سالہ کامران اور20 سالہ سردارشاہ ہلاک ہوگئے۔ ایم اے جناح روڈ پر کیپری سینما کے نزدیک تیز رفتار ٹینکر نے45 سالہ شخص کو کچل کر ہلاک کر دیا۔ مائی کلاچی روڈ پر امریکی قونصل خانے کے نزدیک تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار دو نوجوان ہلاک ہوگئے۔ ماری پور کے علاقے یونس آباد میںٹینکر کی زد میں آکر نو عمر لڑکا حنیف ہلاک ہوگیا۔ شاہ لطیف ٹائون میں موٹر سائیکل سلپ ہونے سے ایک شخص ایک ہلاک ہوگیا جبکہ گلبرگ میں ایک نوجون17 سالہ اظہر عباس پانی سے بھرے گڑھے میں گر کر ہلاک ہوگیا اور مچھر کالونی میں ایک شخص47 سالہ امتیاز برساتی نالے میں ڈوب کر ہلاک ہوگیا۔ٹنڈو با گو سے نا مہ نگا ر کے مطابق بدین ٹنڈو باگو روڈ پر تیز رفتار وین موڑ کاٹتے ہوئے درخت سے ٹکرا کر الٹ گئی نتیجے میں چار افراد جاں بحق جبکہ دس زخمی ہو گئے حادثے کا شکار ہونے والی وین کے مسافر شادی کی تقریب کے بعد ٹنڈو باگو جا رہے تھے کہ تیز رفتار وین موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو کر درخت سے ٹکرا گئی اور روڈ کے اطراف میں واقع گہرائی میں الٹ گئی جس کے باعث دو خواتین اور ایک بچے سمیت چار افراد جاں بحق جبکہ دس افراد زخمی ہو گئے زخمیوں میں سے دو کو تشویشناک حالت میں سول اسپتال حیدرآباد منتقل کردیا گیا ہے جاں بحق ہونے والوں میں 30 سالہ سپنا زوجہ حاجی‘ 60 سالہ جناح زوجہ عرس‘ 9 سالہ زوہیب اور 65 سالہ سلیمان ولد سانون شامل ہیں۔ جاں بحق اور زخمیوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے بتایا جاتا ہے جو خاصخیلی اور شیدی برادری سے بتائے جا رہے ہیں ۔
کراچی حا دثات

فیصل آباد/ گڑھ مہاراجہ (نوائے وقت نیوز)عید کے تین روز کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ٹریفک حادثات میں 44افراد جاں بحق جبکہ بیسیوں زخمی ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد سے ملتان جانیوالی بس کوریاں اڈے کے قریب ٹائر پھٹنے سے بے قابو ہو گئی اور سڑک کنارے کھڑے مسافروں کو کچل دیا جس کے نتیجہ میں ذیشان، اعظم، قاسم، زاہدہ اور سعدیہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ پانچ سالہ بچے نے سول ہسپتال میں دم توڑا، کوچ کا ڈرائیور فرار ہو گیا۔ علاقہ مکینوں نے احتجاج کیا اور ٹائر جلا کر فیصل آباد پینسرہ روڈ بلاک کر دی۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق عیدالاضحی کے تین روز کے دوران شہر بھر میں ٹریفک حادثات کے دوران خواتین و بچوں سمیت17افراد جاں بحق ‘500سے زیادہ زخمی ہو گئے ‘ شہر میں ون ویلنگ اور ہلڑ بازی عروج پر رہی ‘ پولیس ٹریفک و پٹرولنگ پولیس کی خصوصی تشکیل کردہ ٹیمیں بری طرح ناکام ہو گئیں۔چک نمبر239ر ب کا رہائشی 12 سالہ مزمل ولد یوسف ‘ چک نمبر33ج ب کا رہائشی14سالہ منیر ولد یوسف ‘ بھائی والا میں 10 سالہ عبدالستار ولد ساجد ‘ چک نمبر103ر ب کا رہائشی عبدالکریم و لد سکندر ‘ تاندلیانوالہ کا رہائشی25سالہ امین ولد عدیل ‘نڑوالا روڈ کا 46سالہ جاوید ولد خدا بخش ‘ چک نمبر47گ ب کی رہائشی30سالہ شائینہ بی بی زوجہ اعظم‘ گٹ والا کا رہائشی چالیس سالہ شفیع ولد بشیر ‘ لنڈیانوالہ کا 30سالہ رضوان‘ چک نمبر423گ ب میں اسلام پورہ کے رہائشی میاں بیوی زاہد پرویز اور خورشید بی بی ‘ ساتواں میل کی 27سالہ سعدیہ بی بی ‘ چک نمبر215ر ب کا رہائشی 10سالہ محمد حسین‘ ککوآنہ پلی پر نو سالہ ذیشان رحمت‘ اسماعیل روڈ پر چک نمبر7ج ب کا رہائشی منصور علی ‘ اور سمندری روڈ پر رفحان ملز کے قریب حفیظاں بی بی مختلف ٹریفک حادثات میں جان کی بازی ہا ر گئے جبکہ الائیڈ ہسپتال ‘ سول ہسپتال چاروں تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتالوں ‘ جنرل ہسپتال سمن آباد اور جنرل ہسپتال غلام محمد آباد میں ساڑھے500کے قریب ٹریفک حادثات کے زخمیوں کو لایا گیا جن میں زیادہ تعداد تیز رفتار موٹرسائیکلیں آپس میں ٹکرانے اور ون ویلروں کی ٹکر لگنے سے زخمی ہونے والوں کی ہے زخمیوں میں جمیل مسز میل ان کے 2بچے اورش‘ ابراہیم ‘ اعظم ‘صاحباں بی بی ‘ محمد علی ‘یاسر ‘ بلال ‘ علی وغیرہ شامل ہیں۔ ادھر اُچ شریف کے قریب دو مسافر کوچز میں اوورٹیک کے دوران خوفناک تصادم ہوا۔ دونوں بسوں میں آگ لگ گئی۔ مسافروں نے کھڑکیوں کے شیشے توڑے اور چھلانگیں لگا کر جان بچائی۔جبکہ حادثہ میں دونوں گاڑیوں کے ڈرائیور ہلاک ہو گئے۔ جاں بحق ڈرائیورز کی شناخت خالد اور چنگیزی کے نام سے ہوئی ہے۔ 16 زخمیوں کو ٹی ایچ کیو علی پور منتقل کر دیا گیا جبکہ 4 معمولی زخمیوں کو موقع پر ہی طبی امداد دے کر فارغ کر دیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق 2 افراد کی حالت تشویشناک ہے جنہیں نشتر ہسپتال ملتان شفٹ کر دیا گیا۔ اوچ شریف کے قریب ٹینکر اور وین میں تصادم سے ٹینکر کے نیچے دب کر 5 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 4 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے۔ حادثے میں چار بچوں سمیت 7 افراد زخمی ہوئے، 7 زخمی تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال بہاولپور داخل کرا دیا گیا ہے۔ دریں اثناء گڑھ مہاراجہ سے نامہ نگار کے مطابق یہاں لیہ سے شورکورٹ جانیوالی کوسڑ برجی والا سٹاپ پر تیز رفتاری کے باعث مخالف سمت سے آنیوالے 2موٹرسائیکلوں اور تین بھینسوں کو ٹکرانے کے بعد درخت سے جا ٹکرائی جس کے نتیجہ میں اٹھارہ ہزاری کے رہائشی اسحاق، فوجی شہباز، افتخار احمد اور 9سالہ بچی صدف جاں بحق ہو گئے۔ جبکہ بچے سمیت دوافراد زخمی ہوگئے۔ واقعہ میں سڑک کنارے کھڑی دو قیمتی بھینسیں اور دو گائیں بھی ہلاک ہوگئیں۔جھنگ سے نامہ نگار کے مطابق مختلف حادثات میں 4 افراد جاں بحق، چار زخمی ہوگئے۔ سٹیشن چوک شمسی کارخانہ کے قریب سکیورٹی گارڈ بجلی کا کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگیا۔ حویلی بہادر شاہ کے قریب دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرانے سے ایک شخص موقع پرجاں بحق ہوگیا جبکہ دو کو زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔ جڑانوالہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق عید کے ایام میں مختلف واقعات میں تین افراد جاں بحق، جبکہ ٹریفک حادثات و لڑائی جھگڑوں میں سینکڑوں افراد زخمی ہوکر ہسپتال پہنچ گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ تھانہ صدر کے چک نمبر کے 125گ ب مولوی والا میں محنت کش عبداللہ کا 13سالہ بیٹا غلام دستگیر پتنگ لوٹنے کے دوران چھت کے اوپر سے گزرنے والی بجلی کی تاروںسے ہاتھ لگنے سے جاں بحق ہوگیا پولیس تھانہ صدر نے پتنگ فروشوں کے خلاف کارروائی شروع کردی۔ دوسری طرف واپڈا حکا م نے بجلی کی تاروں کو گھروں کی چھتوں سے فوری ہٹانے کی ہدایت جاری کردی۔ تھانہ سٹی کے علاقہ محمودکالونی کے رہائشی بشیر احمد کا 10سالہ بیٹا علی حیدر بکرے سے کھیلتے ہوئے پائوں پھسلنے سے چھت سے صحن میں گرگیا جس سے وہ شدید زخمی ہوگیا اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے زندگی کی بازی ہار گیا۔ چک نمبر 205ر ب کھرڑیانوالہ تھانہ کی حدود میں مخالفین عبدالسلام وغیرہ نے دیرینہ رنجش کی بنا پر 24سالہ نوجوان شہبازولد فقیر حسین کو فائرنگ کرکے عید کے روز قتل کردیا اور فرار ہوگئے یاد رہے ملزم عبدالسلام نے 15سال قبل مقتول شہباز کے ماموںمحمد دین کو بھی قتل کردیا تھا پولیس تھانہ کھرڑیانوالہ نے مقدمہ درج کرکے فرار ملزمان کی تلاش شروع کردی۔جلالپورجٹاں سے نامہ نگار کے مطابق موٹرسائیکل اوربس میں خوفناک تصادم دو نوجوان جانبحق دو شدید زخمی بس ڈرائیورفرار مقدمہ درج تفصیل کے مطابق جلالپورجٹاں کے رہائشی چار نوجوان دوست ایک موٹر سائیکل نمبریGTN6836 پر سوار گجرات جارہے تھے کہ گجرات سے ٹانڈہ جانے والی بس نمبری LES9215 سے ٹکرا گئے جس کے نتیجے میں محسن اور عمارزخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ عاقب اور عثمان شدید زخمی ہوگئے جن کو فوری طور پر ضلعی ہسپتال منتقل کر دیا گیا بس کا ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا جہاں بتایا گیا ہے کہ عاقب کی ٹانگ ٹوٹ گئی جبکہ عثمان شدید زخمی ہے۔ المناک ٹریفک حادثہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح شہر بھر میں پھیل گئی جس کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہوگئی۔ متوفیان محسن اور عمار کو سیکڑوں سوگواران کی موجودگی میں نند پور قبرستا ن میںنماز جنازہ کے بعد سپرد خاک کر دیا گیا۔ پولیس تھانہ صدر جلالپورجٹاںنے نامعلوم بس ڈرائیور کیخلاف مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی ہے۔ وہاڑی سے نامہ نگار کے مطابق وہاڑی عید کے دنوں میں ٹریفک کے متعدد حادثات، 110افراد زخمی، دو افراد جاں بحق، میلسی سائفن روڈ کے قریب دو موٹر سائیکل آپس میں ٹکرنے سے 10افراد شدید زخمی جبکہ ایک شخص جاں بحق، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو میلسی میں فوری شفٹ کردیا۔ اس موقع پر ڈی سی علی اکبر بھٹی بھی موجود تھے اور زخمیوں کوفوری اور مفت علاج کرنے کی ہدایت کی، چار افراد کی حالت خراب ہونے کی وجہ سے بہاولپور ریفرکردیا۔ اس موقع پر اے سی میلسی عبدالغفار اور ایم ایس میلسی بھی موجودتھے۔
حادثات