کنٹرول لائن: بلااشتعال بھارتی فائرنگ سے 5 سالہ بچی شہید‘ لڑکا زخمی

05 ستمبر 2017

سیالکوٹ+ مظفرآباد+ کھوئی رٹہ (نامہ نگار+ این این آئی+ آن لائن) بھارتی فورسز عید کے روز بھی اشتعال انگیزی سے باز نہ آئیں اور لائن آف کنٹرول پر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 5 سالہ پاکستانی بچی شہید ہو گئی جبکہ کھوئی رٹہ میں 14 سالہ لڑکا شدید زخمی ہو گیا۔ بھارتی فورسز نے عباس پور سیکٹر میں واقع پولاس گاؤں پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں اپنے گھر کے باہر کھیلنے والی 5 سالہ بچی سر پر گولی لگنے سے شہید ہو گئی۔ کھوئی رٹہ میں پاک فوج کی بھرپور جوابی کارروائی سے دشمن کی گنیں خاموش ہو گئیں۔ سیری گجر منڈی پر انڈین آرمی نے بلااشتعال فائرنگ اور سول آبادی کو نشانہ بنایا فائرنگ سے 14سالہ لڑکا محمد حمزہ شدید زخمی ہو گیا‘ لڑکا اپنے گھر کے صحن میں کھیل رہا تھا کہ دشمن کی گن G2کا فائر لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق بھارتی سکیورٹی فورسز نے عید کے تیسرے روز سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری لائن کے ہرپال سیکٹر پر دیہی آبادی پر بلااشتعال فائرنگ کی ہے جس کا پنجاب رینجرز نے منہ توڑ جواب دیا ہے۔ گائوں میں خوف و ہراس پھیل گیا اور لوگ گھروں میں محصور ہو گئے‘ تاہم پنجاب رینجرز نے بھارتی بلا اشتعال فائرنگ کا منہ توڑ جواب دیا جس کے بعد بھارتی سکیورٹی فورسز کی بلااشتعال فائرنگ رک گئی۔
بھارتی فائرنگ