آلائشیں سا ئنسی طریقے سے دفن کی گئیں، میئر کراچی
کراچی (اسٹاف رپو رٹر) میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ بارشوں کے بعد کراچی کے غیرمعمولی حالات میں آلائشوں کو بروقت اٹھایا جانا انتہائی ضروری تھا، بلدیہ عظمیٰ کراچی نے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے کاموں میں ڈسٹرکٹ میونسپل کارپوریشنز کی مدد کی اور جہاں ضروری ہوا عملہ اور مشینری بھیج کر آلائشیں اٹھانے کے کاموں کو تیز رفتاری سے مکمل کیااور مختلف علاقوں سے آلائشیں اٹھا کر انہیں سائنسی طریقے سے دفن کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی عملے نے چونا چھڑکنے کا کام بھی انجام دیا۔ دریں اثناء میئرکراچی وسیم اختر نے عیدالاضحی پر قربانی کے جانوروں کی آلائشیں اٹھانے کے لئے بنائے گئے ایمرجنسی سینٹر اور ضلع شرقی کے مختلف علاقوں کا دورہ کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ورکس شہاب انور، سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسز نعمان ارشد، سینئر ڈائریکٹر فوڈ اینڈ کوالٹی کنٹرول ڈاکٹر اصغر عباس، سینئرڈائریکٹر کوآرڈینیشن فرید تاجک اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔