غریب عوام پر بھی رحم کرو!

05 ستمبر 2017

مکرمی! کچھ ہی دن پہلے کلثوم نواز کی بیماری کا پتہ چلا جس کو سن کر بے حد افسوس ہوا کہ کینسر کتنی تیزی کے ساتھ ہمارے معاشرے میں پھیل چکا ہے اور یہ بھی پتہ چلا کہ وہ علاج کے لئے لندن میں موجود ہیں اور وہیں سے اپنا مکمل علاج کروائیں گی۔ ہم سب کی دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کو جلد صحت یاب کریں۔ آمین

لیکن کیا کبھی ہم نے بحیثیت قوم یہ بھی غور کیا ہے کہ ہم اتنے برسوں میں پاکستان میں ایک ایسا ہسپتال بھی نہیں بنا سکے جہاں عالمی معیار کا علاج ہو سکے۔ ن لیگ کی گورنمنٹ 3 دفعہ وفاق اور شہباز شریف مسلسل دوسری دفعہ وزیر اعلیٰ بن کر بھی کوئی اچھا کینسر ہسپتال نہ بنا سکے اور اگر ایک خیراتی ادارہ شوکت خانم بن ہی گیا ہے تو ہمارے وزرائے کرام اس پر سیاست چمکاتے ہیں جو کہ غلط ہے۔ اب حکومت سے اپیل ہی کی جا سکتی ہے کہ وہ عام آدمی کا خیال کرتے ہوئے عالمی معیار کا ہسپتال بنا دے۔ جہاں غریب لوگ بھی اپنا علاج کروا سکیں جو کہ لندن جانے کی حیثیت نہیں رکھتے۔

(کشف احسان کُرڑ، چک چٹھہ حافظ آباد)