بہاولپور ( نامہ نگار +این این آئی) قومی اسمبلی کے حلقہ 184 کے ضمنی انتخابات کے غیرحتمی وغیر سرکاری نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی کی امیدوار خدیجہ عامر وارن 74287 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائیں جبکہ مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نجیب الدین اویسی 48776 ووٹوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ خدیجہ عامر تقریباً 25 ہزار ووٹوں کی برتری سے جیتیں۔ پیپلز پارٹی کے رکن عامر یار وارن کی جعلی ڈگری کے باعث خالی ہونے والی اس نشست پر پولنگ صبح 8 بجے شروع ہوئی جو بغیر کسی وقفہ کے شام 5 بجے تک جاری رہی تاہم وقت ختم ہونے کے باوجود پولنگ سٹیشن کی حدود میں موجود ووٹروں کو ووٹ کاسٹ کرنے کی اجازت دی گئی۔ صبح پولنگ شروع ہوتے ہی سٹیشنوں پر ووٹروں کا رش دیکھنے کو ملا۔ پولنگ سٹیشن پر ووٹروں کی لمبی قطاریں لگی ہوئی تھیں۔ حلقے کے 63 پولنگ سٹیشنز کو حساس اور 31 کو انتہائی حساس قرار دیا گیا تھا۔ پولنگ کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لئے پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری تعینات کی گئی تھی۔ مجموعی طور پر پولنگ پرامن رہی تاہم اکا دکا مقامات پر ناخوشگوار واقعات پیش آئے۔ پولنگ سٹیشن 67 میں مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں ہاتھا پائی ہوئی جس کے بعد کچھ دیر پولنگ روک دی گئی۔ پولیس نے پولنگ سٹیشن ہتھی جی سے سابق ناظم ملک سعید احمد سمیت تین افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا ہے۔ پولنگ سٹیشن اسماعیل پور میں بھی پیپلز پارٹی اور مذہبی جماعتوں کے امیدوار راو جاوید قابال کے حامیوں میں ہاتھا پائی ہوئی جس سے ایک شخص زخمی ہو گیا۔ اس نشست پر مجموعی طور پر 12 امیدواروں نے حصہ لیا تاہم اصل مقابلہ پیپلز پارٹی کی امیدوار خدیجہ عامر وارن اور مسلم لیگ (ن) کے میاں نجیب الدین اویسی کے درمیان تھا۔ حلقہ این اے 184 میں 226 پولنگ سٹیشنوں پر پولنگ ہوئی‘ یہاں کل ووٹوں کی تعداد 321784 ہے جن میں مرد ووٹرز 173395 اور خواتین 148389 ہیں۔ دریں اثناءخدیجہ عامر نے مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چودھری شجاعت حسین اور چودھری پرویز الٰہی کو فون کیا اور ضمنی انتخاب میں تعاون کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024