لاہور: پاکستان مسلم لیگ ن پاکستان کے صدر شہباز شریف کو احتساب عدالت پہنچا دیا گیا۔
احتساب عدالت لاہور میں منی لانڈرنگ اور اثاثہ جات کیس کی سماعت جاری ہے۔ قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو نیب کی ٹیم نے عدالت پہنچا دیا۔
شہباز شریف نے عدالت پہنچنے پر غیر رسمی بات کرتے ہوئے کہا کہ نیب کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ یہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ہے۔
جج نے نیب پراسیکیورٹر سے استفسار کیا کہ کیا شہباز شریف عدالت آ رہے ہیں تو نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ جی شہباز شریف عدالت میں پیش ہوں گے اور حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ منفی آ گیا ہے وہ بھی آج پیش ہوں گے۔
عدالت نے ہدایت کی کہ پتہ کریں وہ آرہے ہیں یا نہیں یا صرف لیٹر بھیج دیا کہ آرہے ہیں۔
وکیل نے عدالت سے استدعا کی کہ رابعہ عمران کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری نہ کیے جائیں تو عدالت نے ریمارکس دیے کہ وہ جب ٹرائل میں پیش ہوجائیں گی تو وارنٹ کینسل کریں گے۔
دفتر خارجہ کے نمائندے نے اپنی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سلمان شہباز کے وارنٹ گرفتاری کسی نے وصول نہیں کیے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے نوٹس وصول کروانے کا بتایا ؟ یہ نوٹس نہیں وارنٹ گرفتاری تھے۔ پاکستان کا نظام قانون آپ کے مزاج سے مختلف ہے۔