مسلہ کشمیر حل کے بغیر پاکستان بھارت تعلقات ممکن نہیں، جارحانہ عزائم نہیں قومی سلامتی کیخلاف ہر کاروائی کا جواب دیں گے: نواز شریف
وزیراعظم نواز شریف نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حقیقت پوری دنیا پر واضح ہو چکی ہے کہ 7 لاکھ بھارتی فوج کے باوجود مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کے جذبہ حب الوطنی کو کچلا نہیں جا سکتا۔ کشمیریوں کے خون نے اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پھر زندہ کردیا۔ کشمیر ایک آتش فشاں کی طرح سلگ رہا ہے۔ برہان وانی کی شہادت کشمیریوں کی جدوجہد کو فیصلہ کن موڑ پر لے آئی ہے۔ کشمیریوں کو غلام بنانے کی کوششوں کے باوجود آزادی کے سرفروشوں کا قافلہ رواں دواں ہے۔ معصوم لوگوں کے چہرے مسخ کرنے سے تحریک کا راستہ نہیں روکا جا سکتا۔ اقوام متحدہ کی قراردادیں آج بھی ایجنڈے پر موجود ہیں۔ بھارت کشمیریوں کو ان کے حق سے محروم نہیں کر سکتا۔ وزیراعظم نے کہا عالمی برادری قراردادوں پر فوری عملدرآمد کا انتظام کرے۔ پاکستان نے کشمیریوں کے حق خودارادیت کیلئے ہر حمایت کا عزم کر رکھا ہے۔ حکومت پاکستان نے مشترکہ اجلاس کا فیصلہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال اور بھارت کے جارحانہ اقدامات پر کیا گیا۔ ہم آج پھر کشمیریوں کی حمایت کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ برہان وانی کے خون سے روشن ہونے والی شمع نے واضح کردیا کہ مسئلے کا حل ضروری ہے۔ شہریوں کے سینے چھلنی کرنے اور انہیں اندھا کرنے سے تحریک کو نہیں روکا جا سکتا۔ نواز شریف نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کو اس حق سے محروم نہیں کرسکتا جس کی ضمانت عالمی برادری دے چکی ہے۔ عالمی برادری کو سوچنا ہو گا کہ سات دہائیوں تک ان قراردادوں کو نظرانداز کرنے کے کیا نتائج نکلیں گے۔ عالمی برادری بلاتاخیر ان قراردادوں کو پایہ تکمیل تک پہنچائے۔ نواز شریف نے کہا کہ مسئلہ کشمیر سے عالمی امن کو بہت خطرات لاحق ہیں۔ جنرل اسمبلی سے خطاب میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر تفصیلی بات کی۔ کشمیریوں کے حق استصواب رائے کیلئے کشمیریوں کی حمایت کا عہد کرتے ہیں۔ اقوام متحدہ سے گرفتار کشمیری رہنماﺅں کی رہائی اور کرفیو کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ کشمیری 70 سال سے اقوام متحدہ کے وعدہ پورا ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔ کشمیر کو اٹوٹ انگ قرار دے کر اقوام متحدہ کی قراردادوں کا مذاق اڑایا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کشمیر سے متعلق کئے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ انہوں نے کہا بھارت نے مذاکرات کی کوششوں کو آگے نہیں بڑھنے دیا۔ بار بار رکاوٹیں ڈالی گئیں۔ مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر پاکستان، بھارت تعلقات میں بہتری نہیں آ سکتی۔ نواز شریف نے کہا کہ جنرل اسمبلی میں مسئلہ کشمیر پر خصوصی توجہ دلائی، کشمیریوں کی نئی نسل بھارت کیخلاف کھڑی ہوئی ہے۔ بھارتی رویئے کے باعث خطے کا امن خطرے میں ہے۔ نہتے کشمیریوں پر مظالم کی آزادانہ تحقیقات کی جائے۔ کشمیریوں کی تحریک کوظالمانہ کارروائیوں سے روکا نہیں جا سکتا۔ بھارت مسئلہ کشمیر کو دبانے کیلئے الزامات پر اتر آیا۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم جنگ کے خلاف ہیں خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر نتیجہ خیز مذاکرات کے ذریعے حل کرنا چاہتے ہیں۔ کسی دھونس کوخاطر میں نہیں لائیں گے۔ امن کی خواہش کو پروقار اور خودمختار قوم کی خواہش سمجھا جائے۔ نواز شریف نے کہا کہ دفاع وطن کے لئے پوری قوم متحد ہے۔ غربت اور بے روزگاری آگ اور خون کے کھیل سے ختم نہیں ہو سکتی۔ ملکی دفاع کیلئے کوئی حکومت یا اپوزیشن نہیں سب ایک ہیں۔
کشمیر کی جاری آزادی کی تحریک کو بھارتی فوج روک نہیں سکتی۔ میں نے اقوام متحدہ میں کشمیر سمیت تمام معاملات مذاکرات سے حل کرنے پر زوردیا، آج دنیا کشمیرکی وجہ سے تپش محسوس کر رہی ہے۔انسانی حقوق کے عالمی اداروں کو خطوط لکھے۔ میں نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی توجہ مقبوضہ وادی میں ظلم و ستم کی طرف دلائی پاکستان کے دفاع کیلئے ہم صرف اور صرف پاکستانی ہیں۔ وزیر اعظم نے کہا کہ ہم جنگ کے خلاف ہیں۔ بھارت نے کشمیر سے توجہ ہٹانے کیلئے الزام تراشی کی۔ وزےر اعظم نے کہا کہ کسی کی دھونس کو خاطر میں نہیں لائیں گے۔اڑی کا واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب میرا اقوام متحدہ کادورہ شروع ہونے والا تھا۔ اڑی واقعہ کے 6 گھنٹے کے اندر الزام پاکستان پر تھوپ دیا گیا۔ پاکستان نے کھلے دل سے واقعہ کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کا مطالبہ کیا۔نواز شریف نے کہا کہ بھارت نے 28 ستمبر کو جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے گولہ باری کی ہم جنگ کے خلاف ہیں۔ خطے میں پائیدار امن چاہتے ہیں۔ بھارتی گولہ باری سے 28 ستمبر کو ہمارے دو جوان شہید ہوئے۔ نواز شریف نے کہا کہ پاکستان کے کوئی جارحانہ عزائم نہیں لیکن قومی سلامتی کیخلاف ہر کارروائی کا جواب دیں گے۔ ہماری مسلح افواج ہر طرح کی جارحیت کا جواب دینے کیلئے تیار ہے۔ نواز شریف نے کہا کہ پوری قوم وطن عزیز کے دفاع کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار ہے اگر ان کی خواہش ہے کہ غربت اوربے روزگاری کے خاتمے میں مقابلہ ہو تو یہ کام بارود آگ اور خون کے ذریعے ممکن نہیں جن کھیتوں میں بارود بویا جائے وہاں پھول نہیں کھلتے۔ نواز شریف نے کہا کہ ہماری امن کی خواہش کو خوددار قوم کی خواہش سمجھا جائے۔ ہم ہر قسم کی دہشتگردی کیخلاف ہیں۔ بے روزگاری اور غربت کیخلاف جنگ بارود سے نہیں لڑ جاسکتی۔ نواز شریف نے کہا کہ ہم وطن کی عزت حرمت کا قرض چکانے کیلئے دیر نہیں کریں گے۔