جائیدادہتھیانے کیلئے ن لیگی رکن قومی اسمبلی مختلف حربے استعمال کر رہا ہے : زیتون بی بی
ملتان (خبر نگار خصوصی) سلطان آباد ملتان کی رہائشی زیتون بی بی نے پریس کانفرنس میں الزام عائد کیا ہے کہ مسلم لیگی کارکن قومی اسمبلی ملک غفار ڈوگر نے اپنے اہلیہ اور سالی کی تاریخ پیدائش غلط ظاہر کر کے نادرا عملے کی ملی بھگت سے جعلی شناختی کارڈ بنوائے اور اب اس کی جائیداد ہتھیانے کیلئے مختلف حربے استعمال کر رہے ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ وہ اپنے والدین کی اکلوتی اولاد ہے اس نے چار مرلہ اراضی بذریعہ رجسٹری نمبر 6898 ، 16 جولائی 2013ء کو اپنی حقیقی والدہ جنت بی بی سے منتقل کرائی میٹرو پروجیکٹ میں سائلہ کا 3 مرلہ رقبہ آگیا ہے جس کا معاوضہ بھی ملی بھگت سے خورد برد کر لیا گیا ملک غفار ڈوگر ایم این اے کی ایماء پر جعلی فرضی انتقال کے ذریعے اس کا رقبہ اپنی بیوی صائمہ اور سالی کلثوم بی بی کے حق میں کر دیا گیا اب لینڈ ریکوزیشن کا عملہ اسے رقبہ کا ووچر ایم این اے کے خوف کی وجہ سے جاری نہیں کر رہا ۔ انہوں نے کمشنر ، ڈی سی او سمیت متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ان کی زمین کا معاوضہ انہیں دلایا جائے ۔