پاکستانی پانی روکنے والوں کی سانسیں بند کر دینگے: شجاعت
لاہور (خصوصی رپورٹر) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کی سخت ترین الفاظ میں مذمت اور کشمیریوں سے مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی مارشل قوم ہیں، نریندر مودی ہمارے 20کروڑ عوام سے اس کے حکمرانوں جیسے نرم رویہ اور مصلحت پسندانہ ردعمل کی توقع نہ رکھے، وہ جارحیت کو کسی صورت میں برداشت کرنے کو تیار نہیں اور پاکستان دشمن کسی بھی اقدام کا منہ توڑ جواب دیں گے، ہمارا دریائی پانی بند کرنے کی باتیں کرنے والے یہ نہ بھولیں کہ پاکستانی قوم ان کی سانسیں بند کر دے گی۔ چودھری شجاعت کی زیرصدارت اجلاس میں پارٹی کی تنظیم نو، انتخابات، سیاسی صورتحال اور بھارتی جارحانہ رویہ پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ اجلاس میں رکن قومی اسمبلی طارق بشیر چیمہ اور ارکان صوبائی اسمبلی کے علاوہ چودھری ظہیرالدین، محمد بشارت راجہ، مونس الٰہی، چودھری شفاعت حسین اور دیگر نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ پارٹی کی صوبائی قیادت محرم الحرام کے بعد تمام اضلاع کے تفصیلی دورے کریگی جن کا آغاز راولپنڈی ڈویژن سے ہو گا، اس سے قبل ضلعی تنظیم سازی کا کام فوری طور پر مکمل کیا جائے گا جبکہ پندرہ روز کے اندر اندر اضلاع کی سطح پر اور صوبائی تنظیم کے انتخابات مکمل کر لیے جائیں گے۔