مسلم لیگ (ن) نے مخصوص نشستوں کیلئے بلدیاتی امیدواروں سے 10 اکتوبر تک درخواستیں طلب کر لیں
لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر کی زیرصدارت اجلاس ہوا۔ اجلاس میں چودھری شہباز‘ رمضان صدیق بھٹی‘ غزالی سلیم بٹ‘ سید توصیف شاہ‘ نذیر خان سواتی‘ میاں محمد طارق‘ اظہر فاروقی‘ عامر خان سمیت دیگر عہدیداران نے شرکت کی۔ اجلاس میں متفقہ طورپر فیصلہ ہوا کہ میاں حمزہ شہباز شریف نے اجازت دی ہے کہ ان پارٹی کارکنوں کو موقع دیا جائے جو پچھلی مرتبہ درخواستیں جمع نہیں کروا سکے۔ پارٹی فیصلے کے مطابق امیدوار 10 اکتوبر تک اپنی درخواستیں مسلم لیگ (ن) لاہور کے دفتر نصیرآباد میں جمع کرائیں گے۔ جن امیدواروں نے پہلے سے پارٹی کو درخواستیں دے رکھی ہیں‘ انہیں دوبارہ درخواست دینے کی ضرورت نہیں ہے۔ اس موقع پر جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر نے کہا کہ نظریاتی و پرانے اور مشکل وقت میں پارٹی کے ساتھ وفاداری نبھانے والے کارکن ہماری پہلی ترجیح ہونگے۔