جیالے پنجاب میں پاؤں جمانے کیلئے تیار ہو جائیں، عوام کو متحرک کرنا ہے: بلاول
لاہور+ اسلام آباد (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ جیالے پنجاب میں پاؤں جمانے کے لیے تیار ہو جائیں، جیالوں کو عوام میں جاکر انہیں متحرک کرنا ہے، چیئرمین پیپلزپارٹی نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا کہ کسی وجہ سے پارٹی چھوڑنے والے پارٹی میں واپس آجائیں، پارٹی میں واپس آنے پر انہیں خوش آمدید کہا جائے گا۔ علاوہ ازیں بلاول بھٹو زرداری نے بلدیاتی انتخابات 2016ء کے دوران پارٹی قواعد کی خلاف ورزیوں، ضابطہ اخلاق اور نظم و ضبط کی خلاف ورزیوں کے واقعات کی تحقیقات کرنے کے لئے ایک انضباطی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ اس سلسلے میں بلاول بھٹو زرداری کے پولیٹیکل سیکرٹری جمیل احمد سومرو نے منگل کے روز ایک نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔ انضباطی کمیٹی کی سربراہی سندھ کے سابق وزیراعلیٰ سید قائم علی شاہ کریں گے جبکہ جام مہتاب حسین ڈہر اور اعجاز جاکھرانی کو اس کمیٹی کے ارکان کی حیثیت سے نامزد کیا ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے نیشنل ایکشن پلان کے اجلاس کے حوالے سے بریف کیا۔ ملاقات میں قومی معاملات اور سندھ کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔