کیسز جلد نمٹانے کیلئے حکومت احتساب عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کرے: سندھ ہائیکورٹ
کراچی (صباح نیوز) سندھ ہائی کورٹ نے احتساب عدالتوں کو نئی گائیڈ لائن جاری کردیں ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ احتساب عدالتیں روایتی طریقوں سے ہٹ کر ضابطہ اختیار کریں تاکہ مقدمات جلد نمٹائے جائیں۔ منگل کو سندھ ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ کی جانب سے جاری حکم میں کہا گیا ملزموں کی طویل فہرست مقدمات میں تاخیرکا باعث بنتی ہے، صرف ان ملزموں کومقدمے میں شامل کیاجائے جن کے خلاف ناقابل تردید ثبوت موجود ہوں۔ استغاثہ صرف ان دستاویزات پرانحصار کریں جن سے انکارممکن نہ ہو۔ زیرحراست ملزموں کو نظام کی خامیوں کی سزا ملتی ہے۔ مفرورملزموں کا کیس گرفتارملزموں سے علیحدہ کیا جائے، فردجرم عائد ہونے کے بعد فیصلے تک کا عرصہ کم کرنے کی کوشش کی جائے۔عدالت عالیہ نے کہا حکومت احتساب عدالتوں کی تعداد میں اضافہ کرے تاکہ کیسزجلد نمٹائے جاسکیں، فیصلوں میں تاخیر کے باعث ملزم آرٹیکل 10 اے کے تحت فوری انصاف کے حق سے محروم ہوجاتے ہیں۔ ریاست کی ذمہ داری ہے کہ غیر ضروری تاخیر کا باعث بننے والے عوامل پر قابو پائے۔