راہداری کا مغربی روٹ: خیبر پی کے اسمبلی نے وفاقی حکومت سے تحریری وضاحت مانگ لی
پشاور (آئی این پی) خیبر پی کے اسمبلی نے سی پیک کے مغربی روٹ کے حوالے سے چینی سفیر کے بیان آنے کے بعد پاک چین اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کے حوالے سے وفاقی حکومت سے تحریری طور پر وضاحت مانگ لی۔ صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں معمول کے ایجنڈے کو موخر کر کے اقتصادی راہداری منصوبے پر بحث کی گئی۔ سی پیک پر بحث کا آغاز کرتے ہوئے سینئر صوبائی وزیر عنایت اللہ نے کہا خیبرپی کے حکومت کے احتجاج کے بعد وفاق نے یقین دہانی کرائی تھی مغربی راہداری سب سے پہلے تعمیر ہوگی اور اس حوالے سے دوآل پارٹیز کانفرنس میں بھی وعدہ کیا گیا تھا لیکن گزشتہ روز چینی سفیر نے وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے ساتھ ملاقات کے دوران بتایاکہ کوئی مغربی روٹ اقتصادی راہداری کا حصہ نہیں جس کے بعد ہمارے شکوک وشہبات نے مزید تقویت پکڑی ماضی میں جب فیڈریشن کو کمزور کیا گیا تو71ءجیسے سانحات نے جنم لیا تھا وزیراعظم اور احسن اقبال اب ہمیں مزید دھوکے میں نہ رکھیں اور ہمارے تحفظات دور کریں، وفاق اب ہمیں لکھ کر دے مغربی روٹ کے حوالے سے چینی سفیر کا بیان غلط ہے ۔ پیپلزپارٹی کے محمد علی شاہ نے بتایا 26ارب ڈالر کے سی پیک منصوبے میں کے پی کو صرف تین ارب دئیے گئے ہیں ہر فورم پر صوبائی حکومت کا ساتھ دینگے، قومی وطن پارٹی کے بخت بیدار نے کہا پنجاب اور وفاق ہمیں دیوار سے مزید لگانے کی کوشش نہ کریں۔ جے یوآئی کے مفتی جنان نے صوبائی حکومت کو تنقید کا نشانہ بنایا اورکہا دھرنے دینے والی سیاسی جماعت نے کبھی کے پی کا موقف پیش نہیں کیا۔ شوکت یوسف زئی نے کہا ہم صوبے کے مفادات کا تحفظ نہیں کرسکتے تو پھر ہمیں اس ایوان میں بیٹھنے کا کوئی حق نہیں اور مجبوراً ہمیں استعفے دینے پڑیں گے۔ مسلم لیگ ن کے اورنگزیب نلہوٹھا نے کہا پی ٹی آئی نے تین سال سے زائد کا عرصہ مارچ اور دھرنوں میں ضائع کیا مسلم لیگ ن کی حکومت 150فیصد صوبے کے حقوق کی جنگ لڑیگی اور مغربی روٹ تعمیر کریگی اور اسی روٹ کی وجہ سے2018ءکے انتخابات کے نتائج مسلم لیگ کے حق میں ہونگے۔ مسلم لیگ ن کے رکن راجہ فیصل نے کہا حکومت ہمیں ساتھ لے کر چلے، گریبان پکڑ کر ساتھ نہ چلائے۔ وفاقی حکومت اور وزیراعظم نوازشریف کی تعریف کی جس پر پی ٹی آئی کے متعدد ارکان کھڑے ہو گئے اور شور شرابہ شروع کر دیا جس سے ایوان میں کان پڑی سی آواز سنائی نہیں دے رہی تھی تاہم سپیکر نے مداخلت کرکے معاملہ رفع دفع کرا دیا۔ اجلاس آج بدھ سہ پر تین بجے تک کے لئے ملتوی کر دیا۔
خیبر پی کے اسمبلی