خیبر ایجنسی ‘ بارودی سرنگ دھماکہ‘ رضا کار جاں بحق‘ڈی آئی خان‘4 نعشیں برآمد
خیبر ایجنسی/ ڈی آئی خان/ کراچی/ اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں) خیبر ایجنسی میں بارودی سرنگ کے دھماکے میں امن کمیٹی کا رضاکار جاں بحق اور ایک زخمی ہو گیا۔ ڈی آئی خان میں 3 افرد کی گولیوں سے چھلنی نعشیں ملی ہیں۔ کراچی کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران 40 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ اسلام آباد میں بھی 21 مشتبہ افراد پکڑے گئے۔ تفصیلات کے مطابق خیبر ایجنسی کے علاقے شام خیل میں بارودی سرنگ کے دھماکے کے نتیجے میں امن کمیٹی کا ایک رضاکار جاں بحق ہوگیا، ایک زخمی ہوا جسے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ واقعہ کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں تین افراد کی نعشیں ملی ہیں، تینوں افراد کو گولیاں مار کر قتل کیا گیا ہے۔ ڈیرہ اسماعیل خان پولیس کے مطابق منگل کو تھانہ صدر کی حدود میں ٹانک روڈ سے تین نامعلوم افرادکی نعشیں ملی ہیں۔ پولیس نے نعشیں تحویل میں لیکر ہسپتال منتقل کر دی ہیں۔ مقتولین کی شناخت نہیں ہوسکی جبکہ پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کرتے ہوئے تفتیش شروع کر دی ہے۔ بی بی سی کے مطابق 2 افراد کا تعلق جنوبی وزیرستان اور ایک کا ٹانک کے علاقے سے ہے۔ ادھر کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس نے سرچ آپریشن کرتے ہوئے 40 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ بلوچ کالونی میں سرچ آپریشن کے دوران 15 افراد کو حراست میں لیکر تھانے منتقل کر دیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران مخصوص گھروں کی تلاشی بھی لی گئی۔ شرافی گوٹھ میں بھی پولیس نے سرچ آپریشن کیا جس کے دوران 10 ملزموں کو حراست میں لے لیا گیا۔ تیموریہ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے سٹریٹ کرائمز میں ملوث دو ملزموں کو گرفتار کر لیا۔ علاوہ ازیں اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقوں میں سرچ آپریشن کر کے 21 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا۔ منگل کو اسلام آباد پولیس اور رینجرز نے تھانہ انڈسٹریل ایریا کے علاقوں فیض آباد، بس ٹرمینلز، ہوٹلز، ہاسٹلز اور دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ گرفتار افراد کو تھانہ انڈسٹریل ایریا منتقل کر دیا گیا۔
بارودی سرنگ/ دھماکہ