پیمرا نے پاکستان میں بھارتی نشریات پر پابندی کی سفارش کر دی
اسلام آباد (کلچرل رپورٹر) چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ابصار عالم نے کہا ہے کہ15 اکتوبر کے بعد 6 فیصد سے زائد بھارتی مواد نشر کرنے والے ریڈیو یا ٹی وی چینل کا لائسنس منسوخ کر دیا جائے گا،وفاقی حکومت سے پاکستانی چینلز پر بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کرنے کی سفارش کی ہے، جن غیرملکی چینلز کو پاکستان میں لینڈنگ رائٹس دیئے گئے ہیں ان کے لئے ڈبنگ کی اجازت ختم کر دی گئی ہے، ہمارے قانون میں کسی بھی اشتہار میں کسی غیرملکی فنکار کے کام کرنے پر پابندی نہیں ہے،صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر بھارتی ڈی ٹی ایچ کی سمگلنگ کی روک تھام پر کام کر رہے ہیں۔ ڈرامہ انڈسٹری کے مسائل حل کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے یونائیٹڈ پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کے زیراہتمام پاکستانی تفریحی چینلز پر غیرملکی مواد کے حوالے سے منعقدہ مذاکرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) ابصار عالم نے اپنے خطاب میں کہا کہ جو ٹی وی چینل یا ایف ایم ریڈیو 15 اکتوبر کے بعد 6 فیصد سے زائد بھارتی مواد نشر کرے گا اس کا لائسنس منسوخ کر دیں گے۔ ہم نے فلم، ڈرامہ اور خبروں سمیت صارفین کے حقوق کا بھی خیال رکھنا ہے۔ ہم نے اپنی مدت میں وہ کام کئے ہیں جو کئی دہائیوں سے نہ کئے جا سکے۔ پرویز مشرف نے 2006ءمیں پاکستانی چینلز کو بھارتی مواد دکھانے کی اجازت دی جس کی وجہ سے صورتحال یہاں تک پہنچی ہے۔ اس وقت 6 فیصد بھارتی مواد دکھانے کی اجازت ملی تھی جس میں دوبارہ ٹیلی کاسٹ کا وقت بھی شامل تھا۔ ہم نے وفاقی حکومت کو یہ سفارش بھی کی ہے کہ وہ پاکستانی چینلز پر بھارتی مواد نشر کرنے پر مکمل پابندی عائد کرے کیونکہ بھارت میں پاکستانی ڈراموں کو دکھانے کی اجازت نہیں ہے۔ ہماری تجویز ہے کہ جتنا بھارت ہمارے ڈرامے دکھانے کی اجازت دے اتنا ہی ہم بھارتی مواد دکھانے کی اجازت دیں۔ انہوں نے کہا کہ بعض نیوز چینلز نے پوری قوم کو حب الوطنی کا درس دینا شروع کیا ہوا ہے لیکن دوسری طرف اپنے ہی تفریحی چینلز پر بھارتی مواد دکھا رہے ہیں۔ انہیں چاہئے کہ وہ یہ دوہرا معیار ختم کریں۔ ہمارے ٹی وی چینلز کو شکایت ہے کہ بھارتی ڈرامے سستے ملتے ہیں اور پاکستانی ڈرامے مہنگے ہیں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ بھارتی اشتہارات دکھانے کے حوالے سے ہمارا قانون خاموش ہے یہ ایک پیچیدہ مسئلہ ہے۔ ہمارے قانون میں کسی بھی اشتہار میں کسی غیرملکی فنکار کے کام کرنے پر پابندی نہیں ہے۔
ابصار عالم