وفاق کو مرضی کا ٹیکس عائد کرنے کا اختیار دینے کا اقدام ہائی کورٹ میں چیلنج
لاہور(وقائع نگار خصوصی) سیلز ٹیکس ایکٹ کے ذریعے وفاقی حکومت کو مرضی کا ٹیکس عائد کرنے کا اختیار دینے کا اقدام لاہور ہائیکورٹ میں چیلنج کر دیا گیا۔لاہور ہائیکورٹ میں یہ درخواست نعمان فاروق نے دائر کی ہے جس میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ سیلز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ تین کی ذیلی دفعہ چھ کے تحت وفاقی حکومت کو یہ اختیار دیا گیا ہے کہ وہ جب چاہے اپنی مرضی کے مطابق کسی بھی قسم کا ٹیکس عائد کر سکتی ہے، درخواست میں کہا گیا ہے کہ آئین کے آرٹیکل ستتر کے تحت کسی بھی قسم کا ٹیکس عائد کرنا پارلیمنٹ کا اختیار ہے، وفاقی حکومت کو ٹیکس کے معاملے پر پارلیمنٹ پر برتری نہیں دی جا سکتی، درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ سیلز ٹیکس کی دفعہ تین کی ذیلی دفعہ چھ کو آئینی سے متصادم قرار دیتے ہوئے کالعدم کیا جائے۔