بھارتی فوج کی اشتعال فائرنگ پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا
راولپنڈی / سماہنی (صباح نیوز + نامہ نگار) بھارتی فوج نے ایک بار پھر منگل کوایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بلا اشتعال فائرنگ کی جس کا پاک فوج نے منہ توڑ جواب دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فورسز نے بھمبر آزاد کشمیر کے سمانی سیکٹر، خنجار،بروح، بنڈالہ اور باغ سرپر گولے برسائے اور بلااشتعال فائرنگ کی۔ بھارتی فوج نے منگل کی صبح چار بجے مارٹر گولے برسائے اور فائرنگ کی، یہ سلسلہ چھ بجے تک جاری رہا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کی جانب سے بھرپور جوابی کارروائی کے باعث بھارتی توپیں خاموش ہو گئیں۔ ذرائع کا کہنا تھا بھارتی فوج کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کے باعث تاحال کسی جانی نقصان کی اطلاعات نہیں ملی ہیں۔بھارتی جارحیت کے بعد پاک فوج نے راولاکوٹ، نیلم، ہٹیاں، حویلی اور بھمبر میں ایل او سی سے ملحقہ علاقوں کی فضائی نگرانی شروع کر دی ۔بھارتی فوج کی جانب سے چار روز کے دوران ساتویں مرتبہ لائن آف کنٹرول کی خلاف کی گئی۔لیکن دشمن نے جب بھی جارحیت کی کوشش کی تو اسے منہ کی کھانی پڑی ۔ واضح رہے کہ بھارتی فوج نے گزشتہ روز بھی یکے بعد دیگرے کنٹرول لائن پر تین مقامات پر بلا اشتعال فائرنگ اور گولہ باری کی تھی۔
بھارتی فائرنگ