ممبئی: پاکستانی فنکاروں کے حق میں بولنے پر اداکار اوم پوری کیخلاف بغاوت کا مقدمہ
ممبئی (نیٹ نیوز + نوائے وقت رپورٹ) پاکستانی فنکاروں کے حق میں بولنے اور اپنی فوج کیخلاف آواز اٹھانے پرممتاز بھارتی اداکار اوم پوری کیخلاف ممبئی کے تھانہ اندھیری میں بغاوت کا مقدمہ درج کرلیا گیا۔یہ مقدمہ انتہا پسند تنظیموں شیوسینا اور مہاراشٹر نونرمان سینا کی بغل بچہ تنظیم سنگھرش کے عہدیداروں کی درخواست پر درج کیا گیا۔ واضح رہے کہ ایک بھارتی ٹی وی کے نیوز شو میں بذریعہ وڈیو لنک حصہ لیتے ہوئے اداکار اوم پوری نے انتہا پسند اینکر کو جھاڑ پلادی اور کہاکہ کیا آپ لوگ چاہتے ہیں کہ بھارت اور پاکستان فلسطین اور اسرائیل بن جائیں اور صدیوں تک لڑتے رہیں۔ انہوں نے ہندو اینکر کو کہاکہ بھارتی میڈیا نے یہ کیا چند روز سے سلمان خان سلمان خان کی رٹ لگا رکھی ہے، سلمان نے ایسا کیا غلط کہہ دیا، کوئی کچھ بھی بولے میں تو پاکستانی فنکاروں کے ساتھ کام کروں گا۔ میڈیا کو تکلیف ہے تو وہ بھارتی سرکار پر زور دے کہ وہ پاکستانی آرٹسٹوں کے ویزے منسوخ کردے۔ اوم پوری نے کہا کہ ہندوستان میں 22 کروڑ مسلمان رہتے ہیں، ان کے رشتہ دار پاکستان میں بستے ہیں اور پاکستانیوں کے رشتہ دار ہمارے ہاں رہتے ہیں لہٰذا انہیں مت بھڑکائو۔ بھارتی اینکر نے اوم پوری سے کہا کہ بھارتی فوج کا 26 سالہ جوان اوڑی حملے میں ہلاک ہوا، اس کی موت پر آپ کچھ نہیں بولتے جس پر اوم پوری نے ببانگ دہل کہا کہ اس جوان کو کس نے کہا تھا کہ وہ فوج میں بھرتی ہو، کس نے فوجیوں سے کہا کہ وہ اسلحہ اٹھائیں۔ اوم پوری نے کہا بھارتی میڈیا پاکستان کیخلاف محاذ کھول کر بیٹھا ہے، میں 6 مرتبہ پاکستان جا چکا ہوں مجھے وہاں ہمیشہ بہت پیار ملا۔ انہوں نے جل کربھارتی اینکر سے کہا کہ آپ کو پاکستان سے اتنی تکلیف ہے تو پانچ 6 خودکش بمبار تیار کرو اور وہاں بھیج دو۔ یہ کہہ کر اوم پوری نے غصے میں پروگرام سے وڈیو لنک توڑ دیا۔