سرحد پار سے جاری کارروائیاں سلامتی کیلئے چیلنج ہیں، مودی سنگاپور سے انسداد دہشت گردی تعاون بڑھانے پر اتفاق
نئی دہلی/ نیویارک (آئی این پی) بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ سرحد پار سے جاری دہشت گردی اور بنیاد پرستی ہماری سلامتی کو درپیش بڑے چیلنجز ہیں۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی نے اپنے سنگاپور کے ہم منصب لی ہسیئن لونگ کے ہمراہ دونوں ممالک کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات کے بعد مشترکہ پریس بیان میں کہا کہ دہشت گردی کی بڑھتی ہوئی لہر خاص طور پر سرحد پار سے دہشت گردی اور بنیاد پرستی کا عروج ہماری سلامتی کیلئے بڑے چیلنجز ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ میرا پختہ یقین ہے کہ جو امن اور انسانیت پر یقین رکھتے ہیں ان کو دہشت گردی کی لعنت کے خلاف مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ دوسری طرف جنگی جنون میں مبتلا مودی سرکارکی جارحیت پسندانہ سوچ بھارت کی معیشت لے ڈوبی۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مودی سرکار نے ڈوبتی ہوئی معیشت کو سہارا دینے کے لیے شرح سود میں کمی کردی ہے ۔ریز رو بینک آف انڈیا نے شرح سود میں 0.25فیصد کمی کردی ہے ۔بھارت کے مرکزی بینک نے شرح سود 6.25فیصد کردی ہے ۔واضح رہے کہ بھارتی سٹاک ایکسچینج میں بھی سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے دعوے کے فوری بعد شدید مندی دیکھی گئی تھی ۔