طاقت کا بھارتی گھمنڈ ٹوٹے گا کشمیر جلد آزاد ہو گا صدر ممنون حسین
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ بھارت کی طاقت کا گھمنڈ ٹوٹے گا اور مقبوضہ کشمیر جلد آزاد ہو گا جس کے نتیجے میں خطے میں امن و استحکام قائم ہو گا اور ترقی کی رفتار تیز ہوجائے گی۔صدر مملکت نے یہ بات ایوان صدر میں نیشنل سکول آف پبلک پالیسی (NSPP) کے زیر تربیت 105 ویں نیشنل مینجمنٹ کورس کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر ممنون حسین نے مزید کہا کہ پاکستان بھارت مخاصمت دونوں ملکوں کے لیے نقصان دہ ہے اوراس سے تمام خطہ متاثر ہو گا۔ قومی معیشت اطمینان بخش رفتار سے ترقی کر رہی ہے اور حکومت نے پورے ملک اور خاص طور پر پسماندہ علاقوں کی ترقی کے لیے خصوصی منصوبے تشکیل دیئے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ آج ملک میں زرِ مبادلہ کے جتنے ذخائر مو جود ہیں ، ماضی میں اس کی مثال نہیں ملتی۔ انھوں نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری سے بلوچستان کو سب سے زیادہ فائدہ ہو گا اور اس سال کے آخر تک گوادر ڈیپ سی پورٹ فعال ہو جائے گا۔ مغربی روٹ سمیت اقتصادی راہداری کے منصوبے میں کسی اعتبار سے کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔ انھوں نے مزید کہا کہ کراچی سمیت ملک کے تمام حصوں میں بد امنی کے مکمل خاتمے تک آپریشن ختم نہیں کیے جائیں گے۔ پاکستان کو فلاحی ریاست بنانے کے لئے سول افسران مثالیت پسندی کو پسِ پشت ڈالتے ہوئے ایسی پالسیاں مرتب کریں جو عملی طور پر قابل عمل ہوں اور ان سے عوام کی فلاح وبہبود کا کام ہو سکے۔ انھوں نے کہا کہ سول افسران عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہیں انھیں اپنے فرائض بلا خوف وخطر سر انجام دینے چاہئیں۔ قیام پا کستان کے بعد سرکاری حکام نے جس جذبے کے تحت کام کیا وہ بعد میں آنے والوں کے لئے مشعل راہ ہے۔ صدر مملکت نے اس امیدکا اظہار کیا کہ تربیت پانے والے سِول افسران ملک کی بہترطریقے سے خدمت کر سکیں گے۔ ہمارے اعلی سول افسران کو قائداعظمؒ کی ہدایات اور ان کے اصولوں پر عمل پہرہ ہونا چاہیے۔ موجوہ حالات میں اقتصادی اشاریوں کی بہتری اور معیشت کی بحالی کےلئے پیدا ہونے والے امکانات سے استفادے کے لیے ضروری ہے کہ سول افسران غیر معمولی تندہی سے فرائض سر انجام دیں۔ سول افسران اپنے فرائض کی بجا آوری ہمیشہ آئین اور قانون کے دائرے میں رہ کرکریں اور خلاف آئین و قانون احکامات کو نہ مانیں۔
صدر ممنون