ویانا میں فائرنگ کرنے والے ملزم کے دو مشتبہ دوست سوئٹزرلینڈ میں گرفتار

سوئٹزر لینڈ کے شہر زیورخ کے نزدیک واقع ایک قصبے سے پولیس نے آسٹریا کے دارالحکومت ویانا میں دو روز پہلے فائرنگ کرنے والے ملزم سے تعلق کے الزام میں دو افراد کو گرفتار کر لیا ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سوئس حکام نے ان دونوں افراد کی گرفتار کی تصدیق کی اور بتایا کہ یہ دونوں ویانا میں فائرنگ کرنے والے مقدونی نوجوان کے دوست رہے ہیں اور اب پولیس ان کے درمیان تعلق داری کی مکمل تحقیقات کررہی ہے۔ان دونوں کی عمریں اٹھارہ اور چوبیس سال ہیں مگر سوئس حکام نے ان کی شناخت نہیں بتائی۔انھیں زیورخ کے نزدیک واقع قصبے وینٹرتھر سے حراست میں لیا گیا تھا۔سوئس وزیر انصاف کیرین کیلر سوٹر نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دونوں افراد ویانا میں فائرنگ کرنے والے مسلح شخص کے دوست رہے تھے۔وہ بالمشافہ ملاقاتیں بھی کرتے رہے تھے۔ لیکن انھوں نے یہ نہیں بتایا کہ ان کے درمیان آخری ملاقات کب ہوئی تھی۔سوئس اٹارنی جنرل کے دفتر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان دونوں افراد کو پہلے بھی دو فوجداری مقدمات کا سامنا ہے۔یہ مقدمات 2018 اور 2019 میں قائم کیے گئے تھے۔ان میں بڑی عمر کا شخص ایک مقدمے میں ماخوذ کیا جاچکا ہے۔