ایک منصوبے کے تحت افواج پاکستان کیخلاف پراپیگنڈا کیا جا رہا ہے: سلطان سرخرو
چکوال(نامہ نگار)کرنل(رـ) سلطان سرخرو نے شہدائے لاوہ اور تلہ گنگ کے لواحقین کے ہمراہ پرہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افواج پاکستان ملک کی سلامتی اور استحکام کی ضمانت ہیں اور شہیدوں ، غازیوںکی سرزمین ضلع چکوال نے ہمیشہ مادر وطن کا دفاع کیا ہے اور الحمد اللہ وطن کا دفاع کرتے ہوئے نہ ہماری اور نہ ہمارے شہداء کی ٹانگیںکانپی ہیں بلکہ اگلی صفوں پرلڑتے ہوئے بہادر جوانوںنے خون کے نذرانے پیش کیے ہیں۔ کرنل سلطان سرخرو نے کہا کہ ایک طے شدہ منصوبے کے تحت افواج پاکستان کیخلاف مزموم پراپیگینڈا کیا جا رہا ہے۔ جبکہ ہر محب وطن پاکستانی کو اس بات کا اداراک ہے کہ موجودہ حالات میں جس طرح افواج پاکستان نے دہشتگردی پر قابو پایا ہے اورملک کی سرحدوںکا دفاع کیا ہے وہ تاریخ کا حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع چکوال کے ہر گائوں میںشہید اور غازی موجود ہے جو کہ اس علاقے کا اعزاز ہے۔ لہٰذا پورا ضلع چکوال افواج پاکستان کیساتھ کھڑا ہے ، ہم ڈسپلنڈ لوگ ہیں اور ہر طرح سے ہمارا تن من دھن افواج پاکستان کیلئے ہے۔