بھارتی دارالحکومت دہلی میں فضائی آلودگی کا مسئلہ سنگین ہو گیا ،شہری بیماریوں میں مبتلا ہونے لگے ،بھارتی حکومت مسئلے سے نمٹنے میں بے بس نظر آنے لگی ۔ غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سموگ کے عفریت نے بھارتی دارالحکومت کو کچھ ایسا جکڑا ہوا ہے کہ شہریوں کے لیے سانس لینا اور آنکھیں کھلی رکھنا دشوار ہو چکا ہے، سنگین بیماریوں نے شہریوں کے بدن کو اپنا مسکن بنا لیا ہے اور بھارتی حکومت اس مسئلے کے ہاتھوں بے بس نظر آتی ہے۔آلودگی پر قابو پانے والے سرکاری ادارے کے مطابق نیو دلی کا ائیر کوالٹی انڈیکس 436تک پہنچ چکا ہے جو مجوزہ بلند ترین سطح سے نو گنا زیادہ ہے۔یہ تین سال کے دوران آلودگی کی بلند ترین سطح پہ جس کے باعث 12ویں جماعت تک کے سکول دو دن کے لیے بند کر دیے گئے ،آلودگی میں کمی لانے کے لیے دہلی میں رواں ماہ کی 15 تاریخ تک جفت اور طاق کا وہ فارمولا نافذ کر دیا گیا جو اس سے قبل بھی کچھ زیادہ کامیاب نہیں ہو پایا تھا۔ اس فارمولے کے تحت طاق نمبر پلیٹ رکھنے والی گاڑیاں صرف طاق دنوں میں ہی چلائی جا سکیں گی جبکہ جفت نمبر کی گاڑیاں صرف جفت دنوں میں شہرکی ٹریفک کا حصہ بن سکیں گی، خلاف ورزی کرنے والوں پر 4000روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔شہر میں جگہ جگہ پولیس اہلکاروں نے حفاظتی ماسک پہنے ہوئے ہیں اور وہ غلط دنوں میں سڑک پر آنے والی گاڑیوں کو روک رہے ہیں، دلی کے وزیراعلیٰ اروند کینجر وال نے شہریوں سے درخواست کی ہے کہ وہ نئے قواعد پر عمل کریں، ٹیکسیوں اور آٹو رکشا والے بھی اس پابندی کی زد میں ہیں۔سرکاری اعدادوشمار کے مطابق دو ہفتوں تک محیط اس پابندی کے باعث تقریبا 12لاکھ گاڑیاں سڑکوں پر نہیں آ سکیں گی جس سے آلودگی میں کمی واقع ہو گی۔جفت اور طاق کا فارمولا عام آدمی پارٹی نے 2016میں بھی آزمایا تھا تاہم اس کی کامیابی پر بہت لوگوں نے سوال اٹھائے تھے اور اسے شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔دہلی کے ساتھ ساتھ شمالی بھارتی ریاستوں میں سردیوں کے دوران فضائی آلودگی بلند سطح پر پہنچ جاتی ہے، اس کی ایک بڑی وجہ پڑوسی علاقوں میں نئی فصل کاشت کرنے کے لیے کھیتوں میں آگ لگانا ہے۔وزیراعلی اروند کینجر نے بھی ہریانہ اور پنجاب کی ریاستوں کو دہلی کی فضائی آلودگی کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا تھا جہاں زمین کو فصل کے لیے تیار کرنے کی خاطر کھیتوں میں آگ لگائی جاتی ہے۔گزشتہ برس دہلی کی حکومت نے آگ بجھانے والے عملے کو حکم دیا تھا کہ وہ بلند عمارتوں سے فضا میں پانی کی پھوار پھینکیں تاکہ ہوا میں پھیلی گرد بیٹھ جائے، اسی طرح شہر کا کوڑا جلانے کا عمل بھی روک دیا گیا تھا۔
میرے ذہن میں سمائے خوف کو تسلّی بخش جواب کی ضرورت
Apr 17, 2024