محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی رواں سال کی پہلی ششماہی میں 30 کروڑ سے زیادہ کے پراپرٹی ٹیکس وصولی سے محروم
راولپنڈی (عزیز علوی)محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن راولپنڈی رواں سال کی پہلی ششماہی میں 30 کروڑ روپے سے زیادہ کے پراپرٹی ٹیکس کی وصولی سے محروم رہ گیا ذرائع نے بتایا کہ صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے محکمہ کو آگاہ کیا تھا کہ پراپرٹی ٹیکس کی نئی مدات کے تعین کیلئے سمری وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوا دی گئی ہے جس پر وہ فیصلہ دیں گے تاہم یہ سمری اب کافی دنوں سے وہیں پڑی ہے جس کی وجہ سے شعبہ پراپرٹی ٹیکس نے بھی نادہندگان اور ٹیکس گذاروں سے ٹیکس وصولی نہیں کی جو اتنے عرصے میں 30 کروڑ روپے سے زیادہ ہونی تھی جبکہ سمری کے منظوری نہ پانے کی وجہ سے پنجاب بھر میں کئی ارب روپے کا پراپرٹی ٹیکس تاحال جمع نہیں ہوسکا ہے اس صورتحال میں پراپرٹی ٹیکس کے شعبے کے افسران اور عملے کے ارکان دفاتر میں ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے سمری کی منظوری کا انتظار کر رہے ہیں۔