ہائیکورٹ: فیصل آباد ملتان موٹر وے کی تعمیر کیخلاف حکم امتناعی کی درخواست مسترد
لاہور (وقائع نگار خصوصی) چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس عمر عطا بندیال نے فیصل آباد، ملتان موٹروے کی تعمیر کیخلاف دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ قومی نوعیت کے تعمیراتی اور معاشی منصوبوں پر حکم امتناعی جاری کرنے سے قوم کو زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ گذشتہ روز نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے وکیل عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔ درخواست گذار فیروز شاہ گیلانی نے عدالت کو بتایا فیصل آباد اور ملتان کی شاہراہوں کی مرمت کی بجائے اربوں روپے سے نئی موٹروے تعمیر کی جا رہی ہے جو قومی خزانے پر بوجھ ہے۔ موٹروے کی تعمیر کے حوالے سے حکم امتناعی جاری کیا جائے اور یہ رقم تعلیم اور صحت کی مد میں خرچ کرنے کے بھی احکامات صادر کئے جائیں۔ عدالت نے حکم امتناعی کی استدعا مسترد کرتے ہوئے قرار دیا کہ قومی نوعیت کے تعمیراتی اور معاشی منصوبوں پر حکم امتناعی جاری کرنے سے قوم کو زیادہ نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ فاضل عدالت نے مدعا علیہان کو نوٹس جاری کردیا۔