للہ ٹاﺅن : تبلیغی اجتماع میں آنیوالی بس الٹ گئی‘ آٹھ افراد جاں بحق تیس زخمی
لِلہ ٹاﺅن+چکوال (نامہ نگار+این این آئی)لاہور اسلام آباد مو ٹروے سالٹ رینج میں نوشہرہ سے رائیونڈ تبلیغی اجتماع میں شرکت کے لیے جانے والے شرکا کی بس بریک فیل ہونے سے الٹ گئی، 8 افراد جان بحق 30 افراد شدید زخمی ہوئے جن میں تین کی حالت نازک ہے، زخمیوں اور مرنے والوں کو چکوال ہسپتال پہنچا دیا گیا، مزید ہلاکتوں کا خدشہ ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور اسلام آباد مو ٹروے پر سالٹ رینج میں نو شہرہ (خیبر پی کے) سے آٹھ نومبر کو شروع ہونے والے تبلیغی اجتماع کی خدمت کے لیے رائے ونڈ جانےوالی بس نمبر P9632 بریک فیل ہونے سے الٹ گئی جس سے بس میں سوار محمد امین، ڈاکٹر فضل حق، محمد اسلم، تاج محمد، کمال شاہ، حسین خان اور محمد عارف مو قع پر جاںبحق جبکہ 30 افراد شدید زخمی ہو گئے جن کو فوری طور چکوال ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ زخمی مسافروں کے مطابق بس بریک فیل ہونے کے بعد ڈرائیور کے قابو سے باہر ہوگئی اور الٹ گئی۔ اطلاع ملتے ہی موٹروے پولیس سمیت دیگر امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور جاں بحق ہونے والوں اور زخمیوں کو ہسپتال پہنچایا۔ دوسری جانب میت لے کر جانے والی گاڑی چترال سے مہمند ایجنسی جاتے ہوئے دیربالا کے قریب نہرگاہ کے مقام پر کھائی میں گر گئی جس سے دو افراد جاں بحق اور تین زخمی ہوگئے۔ لاہور سے خبرنگار کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے بس حادثے کے نتیجہ میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ اپنے تعزیتی پیغام میں انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ حادثے میں جاں بحق افراد کو اپنے جوار رحمت میں جگہ دے اور لواحقین کو یہ صدمہ صبر سے برداشت کرنے کا حوصلہ عطا فرمائے۔ انہوں نے مقامی انتظامیہ کو حادثے میں زخمی ہونے والے افراد کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت بھی کی۔