امریکہ نے کالعدم لشکرطیبہ اورجیش محمد پرمزید پابندیاں لگانے کا اعلان کردیا ہے، یہ اعلان امریکی صدرکے دورہ بھارت کے سلسلے میں بھارتی عوام سے اظہاریکجہتی کے لئے کیا گیا ہے۔
امریکی حکام کی جانب سے جاری بیان میں امریکہ کے شہریوں کو خبردارکیا گیا ہے کہ وہ ان دونوں تنظیموں سے کسی بھی قسم کا لین دین نہ کریں، امریکی حکام نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ ان دونوں کالعدم تنظیموں کے مالی معاملات پر گہری نظر رکھی جائے گی اور دونوں کی آپریشنل صلاحیت کی مانٹیرنگ بھی کی جائے گی۔ امریکہ کی جانب سے کالعدم لشکرطیبہ اور کالعدم جیش محمد پر پابندیاں سخت کرنے کا اعلان امریکی صدر باراک اوباما کے دورہ بھارت سے پہلے جذبہ خیر سگالی کے طورپرکیا گیا ہے کیونکہ بھارتی حکام کا کہنا ہے کہ ممبئی بم حملوں میں ان دونوں تنظیموں کے ارکان شامل تھے۔ امریکی صدر اپنے دورے کے موقع پر نا صرف ممبئی حملوں کی جائے واردات کا دورہ کریں گے بلکہ وہ ممکنہ طور پرحملے میں مارے جانے والے افراد کے لواحقین سے بھی ملیں گے۔