پہلگام واقعہ مودی کی چال، نظریہ پاکستان کا تحفظ ہی ہماری بقا کا ضامن : عبدالخبیرآزاد 

May 05, 2025

لاہور ( خصوصی نامہ نگار ) مرکزی چیئرمین رویت ہلال کمیٹی پاکستان، خطیب و امام بادشاہی مسجد لاہور اور سفیرِ امن حضرت مولانا سید محمد عبدالخبیر آزاد مدظلہ العالی نے خانیوال کے معروف دینی و علمی ادارے جامعہ دارالعلوم عیدگاہ کبیر والا میں منعقدہ قومی یکجہتی کانفرنس میں خصوصی شرکت کی۔ "اہلِ فلسطین و غزہ سے اظہارِ یکجہتی، دفاعِ پاکستان، مذہبی ہم آہنگی، دہشتگردی کا خاتمہ، منبر و محراب کا کردار اور پیغامِ پاکستان کا فروغ" کے عنوان سے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا عبدالخبیر آزاد نے کہا کہ "نظریہ پاکستان کا تحفظ ہی ہمارے قومی تشخص اور بقاء کی ضمانت ہے۔ انہوں نے پہلگام واقعے کو بھارتی میڈیا کا گھڑا ہوا جھوٹ اور مودی سرکار کی سوچی سمجھی چال قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم پاکستان کی جانب سے عالمی تحقیقات کا مطالبہ بروقت اور قابلِ تحسین ہے۔ اگر بھارت نے کسی قسم کی جارحیت کی کوشش کی تو پوری قوم اپنی افواجِ پاکستان اور سپہ سالار جنرل حافظ عاصم منیر کی قیادت میں متحد ہو کر منہ توڑ جواب دے گی۔ اہلِ فلسطین و غزہ سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینی عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم پر عالمی ضمیر کو بیدار ہونا چاہیے۔" علماء کرام ممبر و محراب و دینی مدارس کے ذریعے قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی اور ملکی وحدت کو پیدا کرنے میں اپنا کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ آج ملک پوری قومی یکجہتی کے ساتھ دشمن کے مقابلے میں کھڑا ہے۔ پاکستان کے تحفظ کے لیے ہم سب ایک ہیں، دینی مدارس کے لاکھوں طلبہ پاکستان کے تحفظ و دفاع کے لیے افواج پاکستان کے شانہ بشانہ تیار و پر عزم ہیں۔ ہم ایک متحد قوم بن کر ہی دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔ قومی وحدت کے ساتھ بھارت اور مودی کا ناپاک ایجنڈا پاکستان میں نہیں چلنے دیں گے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ علمائے کرام، مشائخ عظام، دینی مدارس اور منبر و محراب قومی یکجہتی، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی استحکام اور وحدتِ ملت کے کلیدی کردار ادا کر رہے ہیں۔ "پیغامِ پاکستان" جیسے عظیم بیانیے کو فروغ دینا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے۔ اختتام پر ملک کی سلامتی، فلسطین کی آزادی، قومی وحدت اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔

مزیدخبریں