عراق کی اعلیٰ حج و عمرہ کمیٹی نے عراقی عازمین حج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ نعرے بازی کرنے، سیاسی یا فرقہ وارانہ نعرے بلند کرنے اور ایسی لباس پہننے یا تصاویر، جھنڈے یا علامات اٹھانے سے گریز کریں جن میں سیاسی اور فرقہ وارانہ نوعیت کی کوئی بات ہو۔ عراق کی اعلیٰ حج و عمرہ کمیٹی نے عازمین حج کو یہ بھی متنبہ کیا ہے کہ وہ ایسے افراد کو پناہ نہ دیں اور نہ ہی انہیں منتقل کریں جن کے پاس باضابطہ حج کا اجازت نامہ نہ ہو۔کمیٹی نے ایک بیان جس کی تفصیلات العربیہ ڈاٹ نیٹ نے دیکھی ہیں، میں کہا ہے کہ مسجد حرام اور مسجد نبوی میں مذہبی اور سیاسی شخصیات اور علامات کی تصاویر نہ بنائی جائیں۔ سوشل میڈیا پر خلاف ورزی پر مبنی الیکٹرانک اشاعت سے گریز کیا جائے اور مناسک حج کو سیاسی یا اشتعال انگیز خیالات پھیلانے کے لیے استعمال نہ کیا جائے۔اعلیٰ حج و عمرہ کمیٹی نے ان شہریوں کو جو مقدس سرزمین جانے کے اہل ہیں حج کے سکون کو خراب کرنے والی چیزوں سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ کمیٹی نے ایک بیان میں واضح کیا کہ حج ایک عظیم مذہبی موقع ہے جو دنیا بھر کے مسلمانوں کو اکٹھا کرتا ہے، اس مناسک کی روحانیت اور وحدت کا احترام اور اس کی قدر کی جانی چاہیے۔عراقی کمیٹی نے تمام عازمین حج کو خبردار کیا ہے کہ وہ زمینی اور فضائی سفر کے دوران ممنوعہ مواد ساتھ نہ لے جائیں۔ ممنوعہ مواد میں نشہ آور ادویات، الکحل، زیورات ، قیمتی پتھر اور مقررہ حد سے زیادہ نقدی شامل ہے۔کمیٹی نے سعودی عرب میں ذمہ دار حکام کے ساتھ حج کے حوالے سے ضوابط اور منصوبوں کے نفاذ کے لیے تعاون کرنے کی ہدایت کی اور ہر اس چیز سے دور رہنے کی ہدایت کی جو مختلف قومیتوں اور مسالک کے عازمین حج کے درمیان بغض اور عداوت کا باعث بنے۔
عراق کی اپنے شہریوں کو حج کے دوران سیاسی نعروں سے دور رہنے کی ہدایت
May 05, 2025 | 10:28