ہر مذہب انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے:رمیش سنگھ اروڑہ

May 05, 2025

قصور(نمائندہ نوائے وقت) صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے گزشتہ روز قصور کے نواحی علاقہ الہ آباد کا دورہ کیا اور گڈ شیپرڈ مسیحی ہسپتال کے ڈینٹل ڈیپارٹمنٹ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہر مذہب انسانیت کی خدمت کا درس دیتا ہے اور خوشی ہے کہ اسی جذبے کے تحت یہ ادارہ پسماندہ علاقوں میں بین الاقوامی معیار کی طبی سہولیات فراہم کر رہا ہے۔ رمیش سنگھ اروڑہ نے ہسپتال کے بانی چیئرمین ڈاکٹر سلیم میسی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دکھی انسانیت کی خدمت کا عظیم مشن اپنایا ہے۔ دکھی انسانیت کی خدمت کے تحت ایک پسماندہ علاقے میں جدید طبی سہولیات سے آراستہ ہسپتال کا قیام ایک اعلیٰ مثال ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے تمام مذاہب مسلمان، ہندو، سکھ، مسیحی اور دیگر سب پاکستانی پرچم تلے متحد ہیں۔ قصور کی اقلیتیں اور باشعور عوام پاکستان کا فخر ہیں۔ قیام پاکستان سے اب تک مسیحی برادری نے ملک و قوم کے لیے قابلِ تحسین خدمات انجام دی ہیں۔

مزیدخبریں