سمندر پار پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں، کسی بھی صورت تنگ نہ کیا جائے۔ وزیراعظم کی سفیروں کو ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفرا کو ہدایت کی ہے کہ سمندر پار پاکستانی ہمارا قیمتی اثاثہ ہیں انہیں کسی بھی صورت پریشان یا تنگ نہ کیا جائے۔وزیراعظم عمران خان نے دنیا بھر میں تعینات پاکستانی سفرا سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔ جس میں انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب میں پاکستانی سفارت خانے میں کچھ پریشان کن صورتحال پیداہوئی، جس کے بعد عملے اور سفیر کو وطن واپس بلا لیا گیا۔عمران خان کا کہنا تھا کہ ’اوور سیز پاکستانی ہمارا سب سے بڑا اثاثہ ہیں، سمندرپار پاکستانیوں کی وجہ سے پاکستان دیوالیہ پن سے محفوظ رہا، سفارت خانے سمندر پار پاکستانیوں سے اپنا رویہ تبدیل کریں‘۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ’دوسرےممالک میں کئی سفارت کاروں کا رویہ نامناسب ہوتا تھا، اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے شکایات آرہی تھیں،جس کے بعد ایک دو واقعات بھی ہوئے،سٹیزن پورٹل پربھی شکایات آئیں۔