منگھو پیر میں ہیلتھ سٹی کا قیام جلد شرمندہ تعبیر ہوگا، ایڈمنسٹریڑ کراچی
کراچی (اسٹاف رپورٹر)ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے کہا ہے کہ منگھوپیر میں 30 ایکڑ رقبے پر ہیلتھ سٹی کے قیام کا خواب ضرور پورا ہوگا، سول سوسائٹی مختلف سماجی اور فلاحی اداروں کی تعاون و اشتراک سے ہیلتھ سٹی میں صحت کی مختلف قسم کی سہولیات فراہم کی جائیں گی، یہ بات انہوں نے سول سوسائٹی اور کے ایم سی کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور ان افسران نے گزشتہ روز منگھوپیر میں واقع لیپروسی اسپتال اور اس سے ملحقہ اراضی کا تفصیلی دورہ کیا تھا،جنھوں نے ایڈمنسٹریٹر کراچی سے فیض قدوائی کی سربراہی میں ملاقات کی، اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر کو آرڈینیشن خالد خان، سینئر ڈائریکٹر میڈیا مینجمنٹ علی حسن ساجد، ڈائریکٹر لینڈ طارق صدیقی، ڈائریکٹر سٹی وارڈنز راجہ رستم، ڈائریکٹر اسٹیٹ امتیاز ابڑو اور دیگر افسران موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ منگھو پیر پر کے ایم سی کی 30 ایکڑ زمین موجود ہے جہاں پہلے سے جذام اسپتال کام کررہا ہے، یہ جگہ اب جذام کے علاج کے ساتھ ساتھ ہیلتھ سٹی کے طور پر بھی استعمال کی جائے گی اور مختلف اداروں کو دعوت دی گئی ہے کہ وہ یہاں مختلف طبی سہولیا ت کے مراکز قائم کریں جس میں بنیادی صحت کی سہولیات کے ساتھ ساتھ ڈائیگناسٹک لیبارٹری، ایکسرے، سٹی اسکین، بلڈ بینک، آپریشن تھیٹر سمیت مختلف نوعیت کی سہولیات موجود ہوں تاکہ ایک جگہ پر بیمار افراد کو تمام طبی سہولتیں میسر آسکیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ وہ سماجی و فلاحی ادارے جو پہلے ہی اس نوعیت کے کام انجام دے رہے ہیں ان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ اس جگہ پر بھی خدمات انجام دیں اور غریب و نادار شہریوں کے لئے طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لئے اپنا کردار ادا کریں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ کے ایم سی ایسے اداروں کو ہر قسم کی سہولت مہیاکرے گی اور ہیلتھ سٹی کے قیام کے بعد ضلع غربی اور ضلع وسطی کے علاقوں سخی حسن، نارتھ ناظم آباد، نیا ناظم آباد، منگھوپیر، سرجانی، نیو کراچی، حب ریور روڈ، بلدیہ ٹاؤن، اورنگی ٹاؤن اور دیگر ملحقہ علاقوں کے مکینوں کو زبر دست طبی سہولتیں میسر آئیں گی اور شہر کے بڑے اسپتالوں پر مریضوں کے بوجھ میں بھی کمی واقع ہوگی۔