ڈاکٹر راغب نعیمی کی قیادت میں اہلسنّت رہنماوں کے وفد کی گورنر پنجاب سے ملاقات
لاہور( خصوصی نامہ نگار)ممبر رویت ہلال کمیٹی علامہ ڈاکٹر راغب نعیمی کی قیادت میں اہلسنّت رہنماوں نے گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے ملاقات کی۔ وفد میں ناموس رسالت محاذ کے مولانا محمد علی نقشبندی، صاحبزادہ پیر بشیر احمد یوسفی، سنی اتحاد کونسل کے مفتی حسیب قادری، جمعیت علماء پاکستان نورانی کے حاجی نعیم نوری، سنی تحریک کے طاہر ڈوگر ، مولانا طاہر شہزاد سیالوی اور ذوالفقار مصطفی ہاشمی بھی شامل تھے۔ اہلسنت رہنماوں نے حالیہ گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے رہائی کا مطالبہ کیااور بتایا کہ اس معاملے میں جامعہ نعیمیہ اور جامعہ رسولیہ سراجیہ جیسے مدارس کے طلباء کو بھی گرفتار کیا گیا۔ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے اہلسنت رہنماؤں سے بے گناہ گرفتار افراد کی فہرست طلب کر لی جنہیں 16 ایم پی او کے تحت گرفتارکیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ 1800افراد کو رہا کر دیا گیا ہے لیکن جن افراد پر مقدمات ہیں وہ عدالتوں سے رجوع کریں۔ وفد نے کہا کہ اہلسنت پرامن ہیں کسی مجرم کی حمایت نہیں کرینگے۔