پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹی 20 میچ اتوار کو کارڈف میں کھیلا جائے گا۔
پاکستان نے انگلینڈ کے دورے میں تینوں ٹور میچز میں کامیابی حاصل کی ہے۔ گرین شرٹس نے پہلے ایک روزہ ٹور میچ میں کینٹ ،دوسرے میں نارتھمپٹن شائر اور تیسرے میں لیسٹر کو شکست دے کر دورہ انگلینڈ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا ہے۔پاکستان ٹیم نے کینٹ کو پہلے ٹور میچ میں 100 رنز، نارٹھمپٹن شائر کو دوسرے ٹور میچ میں 8 وکٹوں جبکہ لیسٹر کو تیسرے ٹور میچ میں 58 رنز سے شکست دی تھی۔
پاکستان کو پہلے ٹی 20 میچ میں ممکنہ طور پر محمد حفیظ اور شعیب ملک کی خدمات حاصل نہیں ہونگی۔شعیب ملک نجی مصروفیات کی وجہ سے 10 روز کی رخصت پر ہیں جبکہ محمد حفیظ تاحال فٹ نہیں ہوسکے ہیں۔
گرین شرٹس دورے کے دوران انگلینڈ کے خلاف واحد ٹی ٹونٹی اور پانچ ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کھیلے گی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان پانچ ایک روزہ بین الاقوامی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ 8 مئی، دوسرا میچ 11 مئی، تیسرا میچ 14 مئی، چوتھا میچ 17 مئی جبکہ پانچواں اور آخری میچ 19 مئی کو کھیلا جائے گا۔