اشتعال انگیز تقریر کے 27 مقدمات: بانی ایم کیو ایم اور دیگر مفرور ملزمان کے پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری
کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت نے اشتعال انگیز تقریر کے 27 مقدمات میں بانی ایم کیو ایم اور دیگر مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے ۔کراچی کی انسداد دہشت گردی عدالت میں اشتعال انگیز تقریر کے 27 مقدمات کی سماعت ہوئی ۔ ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار ، عامر خان ، شاہد پاشا اور قمر منصور عدالت میں پیش ہوئے جبکہ کراچی کے میئر وسیم اختر ، خواجہ اظہار الحسن اور دیگر ایم کیو ایم رہنما عدالت میں پیش نہیں ہوئے ۔مختلف تھانوں میں اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے 27 میں سے 7 مقدمات کا حتمی چالان عدالت میں پیش کر دیا گیا ۔ بانی ایم کیو ایم اور دیگر مفرور ملزمان کے ایک بار پھر ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردئیے گئے ۔ عدالت نے پولیس کو باقی مقدمات کا حتمی چالان پیش کرنے کا حکم دیا ہے ۔ عدالت نے کیس کی مزید سماعت 2 جون تک ملتوی کر دی ۔ سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ شہروں میں رہنے والوں اور ہر مہاجر اور مظلوم سے ہمارا وعدہ ہے کہ ہم ایک صاف ستھری پڑھی لکھی اور عدم تشدد اور عدم تصادم پر مبنی ایم کیو ایم قائم کریں گے اور ہم اس مشن پر کاربند ہیں ، یہ نظر بھی آئے گا ۔ ہم ایک عظیم تر یکجہتی اور اتحاد کے لیے کام کریں گے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہروں میں بالخصوص پورے سندھ اور پورے ملک میں بجلی کا بحران ہے ۔ وفاقی حکومت نے جو سارے دعوے کئے تھے وہ دھرے کے دھرے رہ گئے ۔ اسی طرح صوبائی حکومت نیے تھر میں ائیرپورٹ بنانے کو ترجیح دی لیکن سندھ اور کراچی میں بجلی کے مسئلہ کو حل نہیں کیا ۔ حکومت سندھ نے کوئی پاورپلانٹ نہیں لگایا۔ حکومت کے پی کے نے کوئی پاور پلانٹ نہیں لگایا ۔ بلوچستان میں کوئی توانائی منصوبہ نہیں لگا ۔ پنجاب میں اگر کوئی لگا ہو تو لگا ہو لیکن وفاق نے بھی کراچی میں کوئی توانائی منصوبہ نہیں لگایا ۔ کراچی میں بجلی اورپانی کا سنگین بحران ہے ۔ کے الیکٹرک ایک نجی ادارہ ہے اس نے اپنے قبلہ کو اب تک درست نہیں کیا ۔ کے الیکٹرک کی کوئی تاویل کراچی کے عوام اور بجلی کے صارفین سننے کے لیے تیار نہیں فی الفور کراچی کے صارفین سے کے الیکٹرک جو پیسے کما رہی ہے ان بڑے بڑے منافعوں میں سے کراچی کے بجلی کے صارفین پر پیسہ خرچ کرنا ہو گا ۔ پلانٹس کی مرمت کرنا ہو گی اور ان کو بتدریج تبدیل کرنا ہو گا یہ بہت پرانے پلانٹس ہیں ۔ ہم کے الیکٹرک کے دفتر پر احتجاج کریں گے ۔ اس سے پہلے کہ عوام کے الیکٹرک کے سامنے احتجاج کرے ۔ کے الیکٹرک ہوش کے ناخن لے ۔ نیپرا اور وفاقی حکومت اپنی ذمہ داری پوری کرے اور وزیر بجلی اورپانی اپنی ذمہ داری پوری کریں ۔ واٹر بورڈ بھی اپنے قبلہ کو درست کرے ۔ ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم میں اصلاحات ہونی چاہئیں اور احتساب کا عمل ہونا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم بیٹھیں گے اور اگر کوئی اختلاف ہمارے اندر ہے تو اس کو حل کریں گے ۔ ان کا کہنا تھا کہ سندھ کے شہری اور دیہی علاقوں کے عوام مل کر وڈیروں اور جاگیر داروں کا احتساب کریں گے ان کی باری آ رہی ہے ۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ہم عدالت میں باقاعدگی سے آ رہے ہیں اور حکومت کو بھی سوچنا چاہیے اور سارا بوجھ عدالتوں پر منتقل نہیں کرناچاہیے ۔ حکومت کو اپنی ذمہ داری خود پوری کرنی چاہیے اور اس طرح کے مقدمات کو واپس لینا چاہیے ۔ 23 اگست کو جو عمل ہم نے کیا اس کے بعد ہم پر مقدمات بنانا سراسر زیادتی اور نا انصافی ہے ۔