جمشید دستی کی جانب سے جلسہ کی تاریخ تبدیل کرنے پر رضا مندی‘ ہائیکورٹ کی ڈی سی ملتان کو مثبت فیصلہ کرنے کی ہدایت
ملتان (سپیشل رپورٹر) ہائیکورٹ ملتان بینچ نے جمشید دستی کی جانب سے قاسم باغ سٹیڈیم ملتان میں جلسہ کی اجازت نہیں دینے کے خلاف درخواست میں تاریخ تبدیل کرنے کے بیان پرڈپٹی کمشنرملتان کومثبت فیصلہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔فاضل عدالت میں عوامی راج پارٹی کے جوائنٹ سیکرٹری انجینئرمحمدخان مروت نے رٹ درخواست دائر کی تھی کہ اس نے عوامی راج پارٹی کے سربراہ ممبرقومی اسمبلی جمشیداحمدخان دستی کے خطاب کے لئے قاسم باغ سٹیڈیم ملتان میں 11 مئی کو جلسہ کرنے کی اجازت بارے ضلعی انتظامیہ ملتان کو 24 اپریل کودرخواست دی اوراس کے لئے سکیورٹی فیس اورصفائی کے اخراجات کی مد میں ڈیڑھ لاکھ روپے فیس بھی جمع کرادی۔اس ضمن میں درخواست گزارکے وکیل محمدعامرخان بھٹہ نے دلائل دئیے کہ تاہم حکومتی جماعت ن لیگ کی جانب سے بھی اسی تاریخ کوجلسہ کرنے کے لئے28 اپریل کو درخواست دی گئی لیکن حکومتی جماعت کے جلسہ کی وجہ سے اس کواجازت نہیں دی جارہی ہے جوغیرقانونی اقدام ہے۔فاضل عدالت کے حکم پرضلعی حکومت کی جانب سے بیان پیش کیاگیاکہ مسلم لیگ(ن)کابھی اسی تاریخ کوجلسہ ہے ا وردونوں کے درمیان تصادم کاخطرہ ہے اس لئے درخواست گزارکواجازت نہیں دی گئی ہے جس پر عدالت میں ممبرقومی اسمبلی جمشیداحمدخان دستی نے بیان دیاکہ وہ انتظامیہ کی جانب سے اجازت دینے پرتاریخ تبدیل کرکے13 مئی کوبھی جلسہ کرنے پرتیارہیں۔