زرعی یونیورسٹی کی 5 روز سے لاپتہ طالبہ کے اغوا کا مقدمہ درج
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد کی زرعی یونیورسٹی میں زیر تعلیم ایم ایس سی کی طالبہ 5 روز سے لاپتہ ہے، پولیس نے طالبہ کے بھائی کی مدعیت میں نامعلوم اغواکاروں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے لال کرشن نامی شخص نے پولیس کو درخواست دی تھی کہ اس کی بہن بسنتی زرعی یونیورسٹی میں ایم ایس سی زوالوجی کی طالبہ تھی جو 29اپریل کو یونیورسٹی سے چھٹی لے کر گھر جانے کے لئے نکلی تھی لیکن گھر نہیں پہنچی۔ لال کرشن کے مطابق جب اس نے موبائل فون پر بہن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی تو وہ بھی بند تھا۔ پولیس نے لال کرشن کی درخواست پر نامعلوم افرا د کے خلاف اغوا کا مقدمہ درج کرکے لڑکی کی تلاش شروع کر دی۔