ن لیگ میں توڑ پھوڑ واضح‘ نوازشریف الیکشن سے گھبرا رہے ہیں: شاہ محمود
ملتان (نامہ نگار خصوصی) پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ نوازشریف اداروں پر تنقید کی بجائے اپنی اصلاح کریں اپنے ہی وزیراعظم سے کہہ دیں ان قوتوں کے بارے میں اظہار فرمائیں جن سے انہیں خدشہ ہے وہ کونسی نادیدہ قوتیں ہیں جن سے ایک منتخب وزیراعظم گھبرا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مخدوم شاہ محمود قریشی نے کہا کہ لگتا ہے خاقان عباسی ابھی تک اپنے آپ کو وزیراعظم نہیں سمجھتے۔ نوازشریف کو اداروں اور حکومت سے خدشہ تعجب کی بات ہے لگتا ہے اپنی حکومت اور اپنے اداروں سے ان کو خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا دراصل نوازشریف آئندہ الیکشن سے گھبرا رہے ہیں ن لیگ میں توڑ پھوڑ اور اپنی شکست واضح نظر آ رہی ہے۔ اس لئے وہ ایسے بیانات دے رہے ہیں جن سے اداروں میں تصادم کا خدشہ ہے تمام ادارے اپنی اپنی حدود میں کام کررہے ہیں۔ میں ن لیگ کی قیادت اور حکومت سے کہوں گا کہ وہ اداروں میں ٹکراو سے گریز کریں اور اداروں کو ان کی حدود میں رہ کر آزادانہ کام کرنے دیں۔دریں اثناء مخدوم شاہ محمود قریشی نے گیلانی خاندان کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر مخدوم سید حامد رضا گیلانی مرحوم کے صاحبزادے مخدوم رضا شاہ گیلانی کو پی ٹی آئی میں شمولیت پر مبارک باد دی۔ مخدوم رضا شاہ گیلانی نے گزشتہ روز بنی گالہ میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کر کے پی ٹی آئی میں شمولیت کا اعلان کیا پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین مخدوم شاہ محمود قریشی بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے مخدوم رضا گیلانی کو پی ٹی آئی شمولیت پر مبارک باد دی اور انہوں نے کہا کہ مخدوم رضا گیلانی کی پی ٹی آئی میں شمولیت سے پی ٹی آئی کو جنوبی پنجاب میں تقویت ملے گی۔