ڈی اے پی پر سبسڈی 150 سے بڑھا کر 300 روپے فی بوری کردی: ترجمان محکمہ زراعت جنوبی پنجاب
ملتان (نامہ نگار خصوصی ) محکمہ زراعت جنوبی پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ ڈی اے پی پر سبسڈی کی رقم 150 روپے سے بڑھا کر 300 روپے فی بیگ کر دی ہے یہ سبسڈی اسی تناسب سے تمام فاسفورسی کھادوں پر لاگو ہوگی۔ ڈی اے پی پر جنرل سیلز ٹیکس بھی نہیں لیا جارہا تاکہ فاسفورسی کھادوں کی قیمتیں مناسب سطح پر برقرار رہیں۔ کسان پیکج کے تحت ڈی اے پی کھاد پر اربوں روپے کی سبسڈی سے صوبہ بھر کے 52 لاکھ کسان مستفید ہوں گے۔ خادم پنجاب کسان پیکج کے تحت زرعی شعبہ میں ایک اور انقلابی قدم اٹھا کر کسانوں کو ڈی اے پی کھاد پر فوری سبسڈی کی فراہمی شروع ہے۔ سستی کھاد سے زرعی اجناس پر کاشتکاروں کی پیداواری لاگت کم ہوسکے گی اور کھاد وں کے متناسب استعمال کوفروغ حاصل ہوگا۔ یہ سبسڈی بذریعہ وائوچر فراہم کی جا رہی ہے۔ ترجمان نے مزید کہا کہ حکومت پنجاب کسان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ۔