20کروڑ پاکستانی خلائی مخلوق کا توڑ کرینگے: احسن اقبال
لاہور (آن لائن‘ اے پی پی) وفاقی وزیرداخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق کا توڑ صرف اور صرف پاکستان کے 20 کروڑ عوام کرینگے انہوں نے کہا کہ اگر لاہور ہائیکورٹ نے مجھے بلایا ہے تو میں ضرور جائونگا۔ انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو اپنی اپنی حدود میں رہ کر کام کرنا چاہئے، ملک میں 1988ء سے خلائی مخلوق نے جو نتیجہ نکالنے کی کوشش کی ہے وہ نہیں نکل سکا ہے۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے لمز یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں نے کوئی بھی ایسی بات نہیں کی جس پر توہین عدالت ہو مجھ پر جو الزام لگایا گیا ہے بہتر ہوتا کہ مجھ سے پہلے پوچھ لیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ مخالفین الیکشن میں مجھ سے جیت نہیں سکتے اس لئے عدالت سے رجوع کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ابرار الحق الیکشن کے میدان میں آئیں اور مجھ سے مقابلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میری درخواست ہے کہ سیاسی مقدمات کو الیکشن کے بعد دیکھا جائے‘ کچھ حلقوں میں عدلیہ کا کردار مشکوک ہو رہا ہے جو باعث تشویش ہے اور کسی ایک جماعت کو نشانہ بنانا جمہوریت کیلئے اچھا شگون نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا پاکستان 2013ء کے مقابلے کے پاکستان سے بہت بہتر ہے انہوں نے کہا کہ 2013ء کے دھرنے کے دوران پولیس کو باقاعدہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اس کی فوٹیج سب نے دیکھی ہے لیکن عدالت کی جانب سے عمران خان کو بری کرنے پر بہت حیرت ہوئی ہے اور ہم عدالتی فیصلے کیخلاف اپیل بھی کرینگے۔