بیرونی دبائو پر جماعۃ الدعوۃ کی راہ میں رکاوٹیں کھڑی کی جا رہی ہیں: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار+ وقائع نگار خصوصی) امیر جماعۃالدعوۃ پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کچلنے کیلئے اسرائیل سے مدد کی بھیک مانگ رہا ہے۔ انڈیا سمجھتا ہے کہ کشمیر اس کے ہاتھ سے نکل گیا تو اسے اپنا وجود برقرار رکھنابھی مشکل ہو جائے گا۔ بھارتی و امریکی دبائو پر جماعۃالدعوۃ کی رفاہی وفلاحی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جارہی ہیں۔ پاکستان میں ہمارا کسی سے کوئی اختلاف نہیں۔ ہم نے کلمہ طیبہ کی بنیاد پر سیاست اور اس ملک میں نظریہ پاکستان کو مضبوط کرنا ہے۔ بیرونی قوتیں مسلمانوں کو باہم دست و گریباں اور ان کی وحدت کو پارہ پارہ کرنا چاہتی ہیں۔ تحریک آزادی کشمیرعروج پر ہے۔ مظلوم کشمیریوں کی مددوحمایت سے کسی طور پیچھے نہیں رہیں گے۔ وہ فتح پور قصور میں نمازجمعہ کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر مقامی سیاسی، مذہبی و سماجی شخصیات سمیت تمام مکاتب فکر اور شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے ان کی امامت میں نماز جمعہ ادا کی۔ جماعۃالدعوۃ کی طرف سے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔ قبل ازیں جماعۃالدعوۃ کے زیر اہتمام بڑی نظریہ پاکستان کانفرنس ہوئی جس میں ملی مسلم لیگ کے صدر سیف اللہ خالد، جماعت اسلامی پنجاب کے ڈپٹی سیکرٹری جنرل مولانا جاوید قصوری، عبدالحمید بھٹہ، حافظ عبدالغفار منصور ودیگر نے بھی خطاب کیا۔ حافظ محمد سعید نے اپنے خطاب میں کہاکہ آج امت مسلمہ کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ لاالہ الااللہ کے اثرات ان کی زندگیوں میں نظر نہیں آتے۔ ان کی سیاست، معیشت و معاشرت اسلامی نہیں ہے۔ اس کی وجہ سے وہ اللہ کی رحمتوں و برکتوں سے محروم ہیں۔ انگریز نے مسلمانوں سے حکومت چھینی اور انہیں فرقوں میں تقسیم کر کے ان کی وحدت کو پارہ پارہ کر کے رکھ دیا۔ اس کے نتیجہ میں امت کمزور اور فرقے مضبوط ہوئے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دبائو پر جماعۃالدعوۃ کی رفاہی وفلاحی سرگرمیوں میں رکاوٹیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ ہمیں سیاست کرنے کی بھی اجازت نہیں دی جاتی۔ ہمیں حکومتوں کی مخالفت کی پرواہ نہیں‘ اپنی دعوتی و رفاہی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا امریکہ صرف اسلام آباد کے حکمرانوں پر دبائو بڑھاتاہے۔ اس طرح یہ ہماری دعوتی و ریلیف سرگرمیوں میں رکاوٹیں ڈالتے ہیں اور امدادیں وصول کر کے اپنے بجٹ چلانے کی کوشش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارت و امریکہ سے دوستیاں نبھانا ٹھیک نہیں ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں جماعت الدعوۃ کے سربراہ حافظ محمدسعید سے حکومت کی جانب سے سکیورٹی واپس لینے کا اقدام چیلنج کر دیا گیا۔ درخواست گزار حافظ محمد سعید نے ایڈووکیٹ اے کے ڈوگر کی وساطت سے دائر درخواست میں موقف اختیار کیا ہے کہ سپریم کورٹ نے وی آئی پیز سے غیر ضروری سکیورٹی واپس لینے کا حکم دیا تھا۔ چیف جسٹس آف پاکستان نے سکیورٹی رسک والے افراد کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دیا ہے۔ حافظ محمد سعید کی زندگی کو شدید خطرات لاحق ہیں لہٰذا فاضل عدالت سپریم کورٹ فیصلے کی روشنی میں حافظ سعید کو سکیورٹی فراہم کرنے کا حکم دے۔ درخواست پر پیر کو سماعت ہونے کا امکان ہے۔