نواز شریف نے خلائی مخلوق دیکھی ہے تو ناسا سے رابطہ کریں: رحمن ملک
اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) پیپلز پارٹی کے سینیٹر رحمان ملک نے کہا کہ عمران خان پاک فوج پر لگائے اپنے الزام کے ثبوت پیش کریں ورنہ وہ بھی صادق و امین نہیں ہیں اور آرٹیکل 62 اور 63کی زد میں آکر نا اہل ہوجائیں گے، نواز شریف نے اگر خلائی مخلوق دیکھی ہے تو وہ ناسا سے رابطہ کریں، آج عمران خان کا اچھا وقت چل رہا ہے توکل کو برا وقت بھی آئے گا، پیپلز پارٹی عرصے سے شور مچا رہی ہے کہ پارلیمنٹ کو مضبوط کرو لیکن نواز شریف نے ہماری ایک نہ سنی اور آج بھگت رہے ہیں۔ وہ جمعہ کو یہاں پارلیمنٹ ہائوس کے باہر میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہاکہ خلائی مخلوق تو ابھی تک ناسا نے بھی دریافت نہیں کی، اگر نواز شریف نے خلائی مخلوق دیکھی ہے تو وہ ناسا سے رابطہ کریں اور اس کا اعلان بھی کریں۔ ان کی دریافت سے ملک کا ساری دنیا میں نام روشن ہوگا۔ عمران خان نے بھی کہا کہ پاک فوج نے نواز شریف کو الیکشن جتوایا۔ میرا مطالبہ ہے کہ عمران خان بھی اپنے اس الزام کی وضاحت کریں اور اس کا ثبوت قوم کے سامنے رکھیں۔ اگر عمران خان ثبوت پیش کرنے میں ناکام ہو جاتے ہیں تو پھر وہ بھی صادق و امین نہیں ہیں اور عوام ان کے خلاف بھی سپریم کورٹ میں جائیں گے۔ یہ نہ ہو کہ عمران خان بھی آرٹیکل 62 اور 63کی زد میں آکر ن اہل ہوجائیں ۔ ہمارا ملک اس وقت مشکل صورتحال کا شکار ہے۔ ہمارے ملک کی کوئی واضح خارجہ، داخلہ اور معاشی پالیسی نہیں ہے۔ ہر سیاستدان پر پاکستان میں اچھا اور بُرا وقت آتا ہے۔ آج عمران خان کا اچھا وقت چل رہا ہے تو ہر مقدمے سے وہ آزاد ہو رہے ہیں۔ لیکن یہ اچھا وقت بمشکل 5سال ہی رہتا ہے۔ نواز شریف کا جب اچھا وقت تھا تو وہ پیپلز پارٹی کا مذاق اڑاتے تھے، آج خود پر مشکل وقت آیا ہے تو خلائی مخلوق کا شور مچا رہے ہیں۔